• news

کنٹرول لائن: پھر بھارتی فائرنگ، شہری زخمی ، پاکستان کا سفارتکار کو طلب کر کے احتجاج

اسلام آباد(نیٹ نیوز‘ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی ایک اور خلاف وزری پر سینئر بھارتی سفارتکار کو طلب کر کے بھرپور احتجاج کیا اور مراسلہ دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے 20 مئی کو کنٹرول لائن کے سیکٹر چری کوٹ میں پوٹھی گائوں کو نشانہ بنایا، بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے 45 سال کا محمد عارف شدید زخمی ہو گیا۔ بھارتی افواج ایل او سی پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحے سے نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ بھارت2023ء کے جنگ بندی معاہدے پر احترام کر کے دفتر خارجہ نے بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈومیسائل کے اجرا سمیت دیگر اقدامات قابل مذمت ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارتی فوج جعلی کارروائیوں میں کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ پاکستان مقبوضہ وادی میں بھارتی اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی پر تشویش ہے جبکہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی نمائندوں کے بیانات کا خیر مقدم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔ افغانستان میں حکومتی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن