چینی سکینڈل : عمران نے وعدہ پورا کردیا، ذخیرہ اندوزی پرمعافی نہیں ملے گی:گورنر
لاہور+پاکپتن+عارف والا+ملکہ ہانس +لندن(نیوز رپورٹر+عارف چودھری+نامہ نگار+نمائندگان نوائے وقت)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ چینی سکینڈل پر عمران خان نے قوم سے کیا وعدہ پورا کردیا، چینی اور گندم کی ذخیرہ اندوزی پر معافی نہیں ملے گی، کمیٹی نے فرانزک رپورٹ بھی عوام کے سامنے پیش کر دی۔اْنہوں نے کہا کہ ہم احتساب پر یقین رکھتے ہیں، خود کو بھی احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں۔گورنر پنجاب نے بتایا کہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں پچاس کروڑ کے عطیات جمع ہوئے اور اب تک 10 لاکھ راشن بیگ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خاں جو کہتے ہیں وہ کرکے بھی دکھاتے ہیں وہ ڈرتے نہیں۔ چینی سکینڈل فرانزک رپورٹ میں جن افراد کی نشاندہی کی گئی ہے ان کے خلاف قانون ضرور حرکت میں آئے گا۔ موجودہ حکومت کی دو ٹوک پالیسی ہے کہ کسی بھی جرم میں ملوث شخص خواہ کتنا ہی مضبوط اور قریبی کیوں نہ ہو وہ سزا سے بچ نہیں سکے گا۔ اپوزیشن پہلے کہتی رہی چینی سکینڈل رپورٹ نہیں آئے گی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے کسی ایک لفظ کی تبدیلی کے بغیر ہی چینی سکینڈل فرانزک رپوٹ پبلک کرنے کا وعدہ پورا کردیا ہے۔ کرونا بحران میں پی ڈی این کے پلیٹ فارم سے دس لاکھ غریب خاندانوں میں راشن فراہم کیا جاچکا ہے۔ وہ جمعہ کے روز سماجی کارکن چوہدری واجد محمود کی رہائش گاہ پر ایک ہزار غریب خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب، سرور فاؤنڈیشن فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح اور ہنر گاہ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور اور سماجی کارکن واجد محمود، ترجمان پنجاب حکومت راجہ اسد اقبال، فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا پنجاب حکومت میاں انس اسلم ڈولہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس ملک کو کرپش،ظلم اور ناانصافی جیسے جرائم سے مکمل طور پر پاک کرنا ہے اور وزیر اعظم عمران خاں پہلے دن سے یہ کہہ رہے ہیں کہ شفاف اور بلاتفریق احتساب کو ہر صورت یقینی بنایا جائیے گا۔ چینی سکینڈل فرانزک رپورٹ بھی عوام کے سامنے آچکی ہے اور انشا اللہ آئین اور قانون کے تحت ذمہ داروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔علاوہ ازیںشہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے 600 کروڑ کا بجٹ مختص کردیا گیا جس سے واٹر سکیمیں اور فلٹریشن پلانٹس لگائیں گے، لاک ڈائون سے متاثرہ افراد کیلئے کئے گئے حکومتی اقدامات کو دنیا میں سراہا گیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکپتن ،عارفوالا کے نواحی گاؤں 2 ای بی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح، ہنر گاہ کا سنگ بنیاد اور کرونا وائرس سے متاثرہ افراد خاندانوں میں راشن تقسیم کرتے ہوئے کیا، خطاب میں کہا کہ انشائاللہ اگلے دو مہینوں میں پورے پنجاب میں فلٹریشن پلانٹس شروع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 600 کروڑ سے بجٹ سے نئے فلٹریشن پلانٹس سے کروڑوں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر ہو گا۔ چوہدری سرور کا کہنا تھا حکومت نے فیصلہ کیاکہ 144 ارب 12 ہزار فی خاندان کے حساب سے مستحقین کو دیں گے،وعدہ کرتا ہوں اس پراسس میں کسی قسم کی سیاست شامل نہیں ہے۔ چوہدری سرور نے کہاراشن کی تقسیم پر مخیر حضرات کا شکر گزار ہوں۔سرور فاؤنڈیشن کے پلیٹ فا رم سے روزانہ کی بنیادپر20 لا کھ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے، علاوہ از یں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، مسز پروین سرور نے مستحقین میں راشن بھی تقسیم کیا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کرونا وائرس کے سلسلہ میں بہترین خدمات انجام دینے پرڈپٹی کمشنر احمد کمال مان، ڈی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی خدمات کو سراہا اور انہیں بہترین کارکردگی دکھانے پر شیلڈز دیں۔علاوہ ازیںملکہ ہانس میں گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومتی ویژن کے مطابق بلخصوص دیہی علاقوں کی عوام کو پینے کے صاف پانی فراہمی کی اولین ترجیحات ہیں، اس موقع پر انجمن وارث شاہ وفد نے بھی ملاقات کرتے ہوئے ڈائون کمیٹی ملکہ ہانس کے مسائل سے اگاہ کیا ۔