مجید نظامی کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی، جدہ میں پاکستان جرنلسٹس فورم کا تعزیتی ریفرنس
جدہ (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے نامور صحافی، نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے بانی ، آزاد صحافت کی پہچان ڈاکٹر مجید نظامی کی چھٹی برسی کے موقع پر جدہ میں پاکستان جرنلسٹس فورم کے زیراہتمام تعزیتی ریفرنس آن لائن ہوا۔ سعودی عرب میں پاکستان کے نامور صحافیوں نے شرکت کی اور ڈاکٹر مجید نظامی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور جنت الفردوس میں انکے لئے اعلی مقام کی دعا کی ، اظہار خیال کرنے والے صحافیوں ، پاک میڈیا فورم ریاض کے چئیرمین الیاس رحیم، صدر ذکاء اللہ محسن، وقار وامق، جدہ سے جرنلسٹس فورم کے صدر شاہد نعیم ، جنرل سیکریٹری جمیل راٹھور، مسرت خلیل اور دیگر نے کہا کہ مجید نظامی زندگی بھر نظریہ پاکستان کے تحفظ، ملک میں جمہوریت کی بالادستی، صحافت کی آزادی، کشمیر کی آزادی اور ملک کی نظریاتی اساس کی حفاظت کے لیے جدو جہد کرتے رہے۔ مجید نظامی نے ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لیے کوششیں کیں۔ ان کی ملک کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان ہی نہیں بلکہ وہ عالمی صحافت کے لیے بھی ایک مثال ہیں ان کی نظریہ پاکستان سے محبت بے مثال تھی۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی سازش کے سامنے وہ سینہ سپر ہو جاتے تھے۔ سینئر صحافی مسرت خلیل نے کہا کہ ڈاکٹر مجید نظامی نے نہ صرف صحافت میں اپنی بھر پور زندگی گزاری بلکہ انہوں نے انسانیت کی خدمت میں بھی کروڑوں لوگوںکی دعائیں لیں۔ مشرقی پاکستان کے کیمپوں میں محصور پاکستانیوںکی بحالی انہیںپاکستان لاکر آباد کرنے کیلئے آواز بلند کی بلکہ ان کیمپوں میںمحصور کسمپرسی میں دھنسے افراد کیلئے خصوصی فنڈز کا قیام کیا جو آج تک جاری ہے ۔نوائے وقت کے نمائندہ خصوصی جدہ ، پاکستان جرنلسٹس فورم کے چئیرمین امیر محمد خان نے ڈاکٹر مجید نظامی کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات اور صحافیوں کیلئے انکی ہدایات و تعلیم اور انسانیت کیلئے خدمات کا ذکر کیا ، انہیںخوشی ہوتی تھی کہ کوئی آزاد صحافت کو علم اٹھائے ، اور جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہے امیر محمد خان نے کہا ڈاکٹر نظامی کے بے شمار قصے ایسے ہیں کہ انہوںنے کسطرح کسی بھی آمر کے سامنے بیٹھ کر بہادری سے اسے اسکی غلطیوںسے اسے آگاہ کیا مجید نظامی ہر دور میں جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہتے رہے اور ڈٹ کر نظریہ پاکستان کی حفاظت کی۔ جناب مجید نظامی ایک عہد کا نام ہیں۔ سینئر صحافی عامل عثمانی نے مکہ المکرمہ سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم مجید نظامی نے پاکستان کے خلاف بھارتی آبی جارحیت کو اُجاگر کرنے میں دنیا بھر میں بے مثال کردار ادا کیا۔ جرنلسٹس فورم کے ارکان محمد عدیل، خالد چیمہ ، معروف حسین، مصطفی خان، ذکیر بھٹی، مریم شاہد ، فوزیہ خان ، نے کہا کہ مجید نظامی نے نظریہ پاکستان کی ترویج کیلئے سود و زیاں سے بے پروا ہوکر اپنے یقینِ کامل کی دلیرانہ وضاحت کر دی تھی کہ جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہنے سے اُنہیں دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔