فون نہ اٹھانے کی سزا‘ بھارت میں شکی شوہر نے قرنطینہ سے فرار ہو کر بیوی کا ہاتھ کاٹ ڈالا
نئی دہلی (آن لائن) بھارت میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا۔ بیوی کی جانب سے فون نہ اٹھانے پر شوہر قرنطینہ توڑتے ہوئے ایک ضلع سے دوسرے ضلع پہنچا اور شک کی بنیاد پر بیوی کا ہاتھ کاٹ دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں 25 سالہ للت کوروا بیوی کے فون نہ اٹھانے پر طیش میں آ کر قرنطینہ سے فرار ہو گیا اور جیش پور اپنے گھر میں شک کی بنیاد پر اپنی بیوی پیار بائی کا ہاتھ کاٹ کر اسے اور اپنے 2 سال کے بیٹے کو چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے ملزم للت کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کو دیئے گئے ملزم کے بیان کے مطابق وہ جب بھی اپنی بیوی کو فون کرتا تھا اس کا نمبر کسی دوسرے نمبر پر مصروف ہوتا تھا، اسے شک تھا کہ اس کا کسی کے ساتھ افیئر چل رہا ہے۔ للت کے مطابق وہ اپنی بیوی سے بدلہ لینے کی نیت سے قرنطینہ سے بھاگا تھا، گھر پہنچنے پر اس نے اپنی بیوی کو فون پر کسی کے ساتھ باتوں میں مصروف دیکھا جس کے بعد آری کی مدد سے اس کا ہاتھ کاٹ دیا۔