• news

عیدالفطر سادگی اور حکومتی ایس او پیز کے مطابق منائی جائے: بلاول بھٹو

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سادگی سے عید منائیں، نمازِ عید کی ادائیگی کرنا ہے تو حکومتی ایس او پیز کے مطابق نماز ادا کریں۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان ایک ایسے وقت میں عید منارہے ہیں جب کرونا کی خطرناک وباء پھیلی ہوئی ہے۔ پاکستان کے مسلمان کرونا کی وباء کا سامنا کرنے کے ساتھ طیارہ حادثے کا دکھ بھی سہہ رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ اس صورت حال میں سادگی سے عید منائیں۔ اپیل کرتا ہوں کہ اس عید کو اپنے شہداء کے نام کریں۔ اس عید کو طبی عملے کے نام کریں جو آپ کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے اپنی اور اپنے خاندان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپیل کرتا ہوں کہ جتنا ممکن ہوسکے عید اپنے گھر پر منائیں، اگر آپ نے نمازِ عید کی ادائیگی کرنا ہے تو حکومتی ایس او پیز کے مطابق نماز ادا کریں،چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر آپ اپنا تحفظ چاہتے ہیں تو اپیل کرتا ہوں کہ نماز عید بھی گھر پر ادا کریں، عید ملن بھی فون، واٹس ایپ کے ذریعے کریں، اپنا تحفظ کرکے نہ صرف ہم خود کی جان بچاسکتے ہیں بلکہ ایسا کرنے سے ہمارے نظامِ صحت پر اتنا ہی بوجھ آئے گا کہ جتنا وہ اٹھاسکے۔این این آئی کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے قوم کے نام اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ سارا ملک آپ کا اپنا ہے جہاں ہیں وہیں عید منائیں اور نماز عید بھی اپنے گھر میں ہی ادا کریں۔آصف زرداری نے کہا کہ کرونا وبا سے بچنے کے لیے سماجی فاصلہ لازمی برقرار رکھیں، کرونا کو شکست دینے کے لیے اپنے گھروں میں رہیں اور محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز، نرسیں اور پیرا میڈیکل سٹاف کرونا سے جنگ میں مصروف ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ ڈاکٹر، نرسیں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کرونا کیخلاف جنگ میں شہید ہوئے۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اپنی دعائوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ضرور یاد رکھیں۔

ای پیپر-دی نیشن