• news

عید پر دورہ ایل او سی : کشمیر میں متنازعہ حیثیت بدلنے کی کوششوں کا قومی عزم، فوجی طاقت سے جواب دیں گے: جنرل باجوہ

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے، بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عید منا رہے ہیں، جارحیت کے ذریعے کشمیر کی متنازعہ حیثیت کی تبدیلی کی کوششوں کا قومی عزم اور فوجی طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر پونا سیکٹر کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے پونا سیکٹر میں جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی۔ بری فوج کے سربراہ نے پاک فوج کے فرنٹ لائن سولجرز کی پیشہ ورانہ اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔ افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے آرمی چیف نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کی دعا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی خطرات سے بخوبی آگاہ ہے، بھارتی قابض فوج کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے خلاف جوانوں کا حوصلہ قابل تعریف ہے۔ کشمیر میں بھارتی اقدامات، لاک ڈائون کا مقصد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے، اسی وجہ سے بھارت لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو نشانہ بناتا ہے۔ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی کوششوں کے سنگین نتائج نکلیں گے۔ امید کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو آزادانہ نقل و حمل کو اہمیت دی جائے گی۔ اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو آزاد کشمیر میں مکمل آزادی ہے۔ قومی توقعات کے مطابق اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش میں ہونے کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں قوم اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمت کیلئے دعاگو ہے۔ خوشی کے تہواروں پر گھر سے دور ایک سپاہی کی فرض کی ادائیگی قابل فخر ہے، پاک فوج غیر متزلزل عزم کے ساتھ یہ فرض ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جارحیت کے ذریعے متنازعہ حیثیت میں تبدیلی کی ہر کوشش کا قومی عزم اور فوجی طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن