• news

دونوں رہنمائوں کا طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال تشویشناک، بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے: عمران خان

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان سے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ابوظہبی کے ولی عہد اور عرب امارات کے ڈپٹی سپریم کمانڈر محمد بن زیدالنہان عید الفطر کے موقع پر ٹیلیفونک رابطہ قائم کیا ہے۔ دونوں عالمی رہنمائوں نے انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی اور طیارے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم پاکستان کو فون کر کے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس اور کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے مل کر اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ترک صدر نے وزیراعظم کو ٹیلی فون کر کے مشکل گھڑی میں ترک عوام کی جانب سے پاکستان کی مکمل حمایت اور تعاون کے عزم سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کے ساتھ پیش آنے والے حادثے میں جانی نقصان پر بھی اظہار افسوس کیا۔ دونوں رہنمائوں نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے پاکستان اور ترکی کی مشترکہ کاوشوں پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر سے گفتگو میں مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال تشویشناکہے۔ مقبوضہ وادی میں کشمیری دوہرے لاک ڈائون کا شکار ہیں۔ بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنا یا جا رہا ہے۔ عالمی برادری کو بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تخریب کاری کو مسترد کرنا چاہیے۔ عمران خان نے ترک صدر کو کرونا وائرس کے خاتمے کے لئے کئے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا اور وبا کی روک تھام کے لئے ترکی کی جانب سے فراہم کی گئی امداد پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارک باد بھی دی جبکہ ابوظہبی کے ولی عہد اور عرب امارات کے ڈپٹی سپریم کمانڈر محمد بن زید النہیان کا وزیراعظم عمران خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ اس دوران شیخ محمد بن زاہد النہیان کی عمران خان کو عید کی مبارک دی۔ اس دوران طشیخ محمد بن زاہد کا پی آئی اے طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس کیا۔ وزیراعظم نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور پاکستان بھیجنے کے انتظامات پر ابوظہبی کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے انسداد کرونا کیلئے کیے گئے اقدامات کی تعریف بھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن