کرونا: پاکستان ، مزید 87اموات ، مجموعی تعداد، 1210امریکہ: ہلاکتیں ایک لاکھ سے بڑھ گئیں
اسلام آباد‘ لاہور‘ گوجرانوالہ‘ کراچی‘ واشنگٹن (وقائع نگار خصوصی‘ نامہ نگاران‘ نمائندہ خصوصی) ملک میں کرونا وائرس کے ایکٹوکیسز کی تعداد 38 ہزار194، تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی57 ہزار 705تک پہنچ گئی، 1356نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، 87مزید اموات کے ساتھ مجموعی اموات 1210ہوگئی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکی طرف سے کرونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹس کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 20ہزار 654تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ میں 23 ہزار 507کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، خیبر پی کے میں کیسز کی تعداد 8 ہزار259 اور اسلام آباد میں 1728ہوگئی، بلوچستان میں 3536, گلگت بلتستان میں638کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 211 ہوگئی۔ ملک بھر میں اب تک 18ہزار 334مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔ اب تک 4 لاکھ 90ہزار 408افراد کے کورونا وائرس کے لیے ٹیسٹ کئے گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں7ہزار 252افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک کے 726ہسپتالوں میں4429 مریض زیر علاج ہیں۔ 407کرونا متاثرین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ادھر دنیا بھر میں کرونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 55 لاکھ 80 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ تین لاکھ 47 ہزار 873 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دنیا بھر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے 65,333 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ 23 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کرونا کو شکست دے کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں کرونا سے مزید 443 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ کرونا کے مریضوں کی تعداد 17 لاکھ 6 ہزار سے بڑھ گئی ہے اور ساڑھے چار لاکھ سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ برازیل کرونا وائرس متاثرین کی ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ برازیل میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 386 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک دن میں 4 ہزار سے زائد نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 76 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 23 ہزار 522 ہوگئی ہے۔ روس میں کرونا وائرس سے مزید 92 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 6 سو سے تجاوز گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد تین لاکھ 53 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔کرونا سے سپین میں مزید 74 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 26 ہزار 800 سے بڑھ گئی جبکہ 2 لاکھ 82 ہزار 4 سو سے زائد افراد متاثر ہیں۔اٹلی میں کرونا وبا سے مزید 92 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 32 ہزار8 سو سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 61 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ ایران میں کرونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 7 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ترکی میں کرونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 57 ہزار سے بڑھ گئی۔ برطانیہ نے جون میں پابندیاں نرم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی کاروبار کھول دیئے جائینگے۔ وزیراعظم بورس جانسن کے مطابق کپڑے ‘ فرنیچر‘ الیکٹرانکس‘ ٹیلرز اور سٹیشنری ‘ پراپرٹی وغیرہ کے کاروبار شروع ہو سکیں گے۔ صرف لاہور میں کرونا کے 318کیسز سامنے آگئے۔ گجرات ضلع میں کرونا وائرس کی بڑھتی ہوئی وباء کے پیش نظر چار روز میں 6افراد جاں بحق ہو گئے میونسپل کارپوریشن گجرات کے 9افراد سمیت ضلع بھر میں ابتک کرونا وائرس سے تین ماہ کے دوران 14افراد کی زندگیوں کے چراغ گل ہو چکے ہیں۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں 72 گھنٹوں کے دوران 6افراد ہلاک جبکہ 136 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی۔ گوجرانوالہ میں 86گجرات 20حافظ آباد 4منڈی بہائوالدین 12 جبکہ سیالکوٹ میں 4 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی۔گوجرانوالہ ریجن میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار47نئے مریض سامنے آگئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 24گھنٹوں میں کرونا کے 2ہزار 327ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 573نئے کیسز سامنے آئے۔ سندھ میں 24گھنٹوں میں کرونا سے 5اموات ہوئیں۔ امریکی ریاست کیلی فورنیا کی عبادت گاہیں کھول دی گئیں۔ امریکی محکمہ صحت حکام نے کہا کہ کیلیفورنیا کی عبادت گاہوں میں 25فیصد افراد کے آنے کی اجازت ہو گی۔ وزیر آباد کے نواحی موضع پٹھان والی کا رہائشی معمر شخص کرونا وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گیا۔ محمود احمد کرونا وائرس کا شکار ہو گیا تھا جسے لاہور ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں پر وہ دوران علاج دم توڑ گیا اور اسے آبائی علاقہ پٹھان والی میں حفاظتی تدابیر کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ محمود احمد کے ایک بیٹے اور بیٹی میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جنہیں گھر میں ہی قرنطینہ کر دیا گیا۔ دبئی میں متعدد اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن را شد المکتوم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے بتایا کہ دبئی کے فرمانروا اور امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے قدرتی آفات اور بحرانوں سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کے دوران ریاست بھر میں اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عید الفطر کے چوتھے روز یعنی 27 مئی سے دبئی میں اقتصادی سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔ سعودی مملکت میں عید الفطرکے دوران کرونا متاثرین میں 2,235 نئے کیسز کا اضافہ ہو گیا، جس کے بعد مملکت میں کرونا کا نشانہ بننے والوں کی مجموعی گنتی 74,765 ہو گئی ہے۔ العربیہ کے مطابق عید الفطر کے دوسرے روز 9اموات ریکارڈ کی گئیں۔ سعودی وزارت صحت نے اتوار کو دارالحکومت الریاض میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسوں کے اندراج کی اطلاع دی ہے اور وہاں 742 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ مکہ مکرمہ میں 611 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے اور جدہ میں 474 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ برازیل میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کووڈ 19 سے ہونے والی ہلاکتیں امریکا سے بھی بڑھ گئیں۔ منگل کو جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق پیر کے روز برازیل میں 807 افراد ہلاک ہوئے جبکہ اسی دن امریکا میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 620 تھی۔