پٹرول ‘ڈیزل کی قلت‘ بیشتر شہروں میں کئی پمپس بند
لاہور( آن لائن ) ملک بھر کے بیشتر شہروں میں ڈیزل کے بعد پیٹرول کی کمی ہونے کی وجہ سے کئی پمپس بند ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے تیل کمپنیز کا کہنا ہے کہ بھارت میں تیل کی قیمت پاکستان کے مقابلے دْگنا ہونے کے سبب مال وہاں سمگل ہورہا ہے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ تیل کی گرتی ہوئی قیمت کی وجہ سے غیر اعلانیہ طور پر کم ذخیرے کی کوشش کی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ کرونا کے سبب ایک ماہ امپورٹ بندش نے بھی سپلائی چین توڑ دی، بارڈر بند ہونے کے سبب ایرانی ڈیزل کے بجائے ملکی ڈیزل کی کھپت بڑھی جس حوالے سے کسی قسم کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔اس بار تیل کی سپلائی میں کمی کی بندش صرف یہی نہیں بلکہ ایک وجہ یہ بھی بتائی جا رہی ہے جس کے مطابق بھاری نقصان ہونے کی وجہ سے ریفائنریز نے پیداوار محدود کر رکھی ہے، تا ہم دوسری جانب کمپنیز کی جانب سے ذخیرہ اندوزی کی شرائط بھی پوری نہیں کی جا رہیں جو کہ اب کے کاروباری لائسنس کی بنیادی شرط ہے۔اس حوالے سے ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا تھا پیٹرول موجود ہے، کسی قسم کی کوئی قلت نہیں ہے، بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا ہے کہ ملک میں پیٹرول کی کمی پوری کرنے کے لئے 11 دن کا ذخیرہ موجود ہے۔ ملک میں پیٹرول کا 2لاکھ 55ہزار ٹن کا سٹاک موجو د ہے، کیماڑی میں 58ہزار ٹن پیٹرول کا جہاز لگ چکا ہے۔