مقبوضہ کشمیر میں کروناسے مزید 2 اموات ، تعداد 23ہوگئی
سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس سے مزید دو افراد کی موت کے بعد علاقے میںوبا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 23 ہوگئی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع کولگام کے علاقے بوگام کی ایک 65 سالہ خاتون جس کا 23 مئی (ہفتہ) کو سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں انتقال ہوگیا تھا، آج اس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں کرونا وائرس کے نوڈل افسرڈاکٹر سلیم خان نے بتایا کہ اس خاتون کو موت سے ایک دن قبل نمونیہ کے باعث ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ کی میت ٹیسٹ کا نتیجہ آنے تک جی ایم سی سرینگر کے مردہ خانے میں رکھی گئی تھی۔اس سے قبل جموں کے ایک ہسپتال میں تریکوٹہ نگر کے ایک وکیل کی موت کے بعد اس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ ASCOMS ہسپتال جموں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رویندر رتن پال نے بتایا کہ وکیل کا نمونہ کچھ دن پہلے لیا جاچکا تھا اور ان کی مثبت رپورٹ کل رات کو موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کل ہی ان کا انتقال بھی ہوگیا۔ضلع سرینگر میں اب تک سب سے زیادہ6 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس کے بعد اسلام آباد اور بارہمولہ میںچار چار اور کولگام میں تین اموات ہوئیں جبکہ بڈگام اور جموں میں دو دو اور بانڈی پورہ اور ادھم پور میں ر ایک ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔ جموں وکشمیر میں اس وقت کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1673 ہے جن میں سے 1360 وادی میں ، 261 جموں ڈویژن میں اور 52 لداخ خطے میں ہیں۔