پاک بحریہ کی جانب سے سندھ، بلوچستان کے علاقوں میں راشن و حفاظتی سامان تقسیم
اسلام آباد (این این آئی)پاک بحریہ کی کورونا وائرس سے متاثرہ صورتحال میں ملک کے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیاں ،سندھ اور بلوچستان کے دوردراز ساحلی علاقوں بالخصوص اورماڑا، حب گوٹھ، گڈانی، میرپور ساکرو، سجاول، سید پور، گوٹھ شاہ عبد اللطیف جاندانی اور گوٹھ مسلم آباد میں راشن اور حفاظتی سامان کی تقسیم کی گئی ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کراچی کے مضافاتی علاقوں ہاکس بے، منوڑا، صلاح آباد، یونس آباد، کیماڑی ٹاؤن، شانتی نگر، گونجانی اور پہلوان گوٹھ میں بھی ضرورتمند خاندانوں کی معاونت کی گئی ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول بہاولپور، ملتان، خانیوال، فیصل آباد، چنیوٹ، ساہیوال، سرگودھا، لاہور، ڈسکہ اور سیالکوٹ کے ہزاروں ضرورتمند خاندانوں میں بھی راشن تقسیم کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس کے علاوہ کورونا سے بچاؤ کی میڈیکل کٹس اور دیگر حفاظتی سامان بھی متعلقہ اداروں کے سپرد کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن کی آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ اسلام آباد اور مری کے نواحی دیہاتوں میں راشن کی تقسیم کی گئی۔