ٹڈی دل‘ این ڈی ایم اے نے شکایات کے اندراج کیلئے ہاٹ لائن قائم کر دی
اسلام آباد ‘ وہاڑی (نوائے وقت رپورٹ‘ نامہ نگار) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بدھ کو ٹڈی دل کے حوالے سے شکایات کے اندراج اور ان کے حل کیلئے ہاٹ لائن قائم کر دی ہے جس کا نمبر 051-111-222-999 ہے۔ یہ ہاٹ لائن نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر (این ایل سی سی) میں قائم کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا لوکسٹ کے حوالہ سے متاثرہ کاشتکار اپنی رجسٹریشن اور شکایات کا اندراج یہاں کرا سکتے ہیں یا اگر انہیں سپرے کی ضرورت ہے تو 24 گھنٹے اس نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے چیئرمن لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ این ڈی ایم اے لوکسٹ کے خاتمہ کیلئے بھرپور کام کر رہا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ لوکسٹ نے ملک کے 61 اضلاع کو متاثر کیا ہے، ان میں 31 بلوچستان، 11 خیبرپختونخوا، 12 پنجاب اور سندھ کے 7 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ دریں اثناء وہاڑی کے نواحی علاقوں سردار پور جھنڈیر‘ موضع بدھو‘ موضع لالو‘ چاہ جمعے والا‘ جال والا‘ پاند والا سمیت دیگر علاقوں میں ٹڈی دل کی بہت بڑی تعداد نے حملہ کر دیا۔ ٹڈی دل کے حملوں سے کپاس ‘ مکئی سمیت آم کے باغات بھی پت جھڑ کا منظر پیش کرنے لگے۔ بتایا گیا کہ ٹڈی دل نے چھوٹے کسانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے جس کے باعث کسان ذہنی اذیت سے دوچار ہیں۔ حکومت فوری طور پر کسانوں کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کرے۔