• news

کرونا: عیدالفطر کی شاپنگ میں 70 فیصد کمی آئی،آرگنائزیشن آف سمال ٹریڈرز

اسلام آباد(اے پی پی) کرونا وائرس (کووڈ۔19) کی وباء سے رواں سال عیدالفطر کی مناسبت سے کی جانے والی شاپنگ میں 70 فیصد کمی ہوئی ہے، گذشتہ سال عیدالفطر پر صرف کراچی میں 35 ارب روپے کی خریداری کی گئی تھی جبکہ رواں سال عید شاپنگ 7 تا 8 ارب روپے رہی۔ آل پاکستان آرگنائزیشن آف سمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حمید نے کہا ہے کہ وباء کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کئے گئے لاک ڈائون اور قوت خرید کم ہونے کی وجہ سے عید شاپنگ میں 70 فیصد تک کی کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید سے قبل لاک ڈائون کے باعث کاروباری مراکز بند رہے جبکہ عید پر مارکیٹس کھلنے کے باوجود لوگوں کی کم تعداد نے بازاروں کا رخ کیا کیونکہ وہ خود کو بیماری سے محفوظ رکھنا چاہتے تھے۔ اسی طرح اگر بعض افراد بازار گئے بھی تو انہوں نے انتہائی قلیل وقت میں صرف ضروری اشیاء کی خریداری کو ہی ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے نجی اداروں کے ملازمین اور دیہاڑی دار مزدور طبقہ کی آمدنی متاثر ہوئی جس کی وجہ سے بھی عید شاپنگ پر منفی اثر پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کے بعد عیدالفطر کے موقع پر لاک ڈائون کے خاتمہ سے چند دن مارکیٹوں اور بازاروں کی رونقیں بحال ہو سکی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن