• news

سنٹرل پنجاب، آٹا تھیلا 120،جنوبی پنجاب میں 50سے 60روپے مہنگا، چکی مالکان نے نرخ 2سے 3روپے بڑھا دیئے

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن نے پنجاب بھر میں گندم کی قیمتوں میں اضافے میں شرح کے تناسب سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ لاہور، قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور سنٹرل پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 120روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ جبکہ جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 50 روپے سے لے کر 60 روپے فی تھیلہ اضافہ کیا گیا ہے۔ نئے فیصلے کے مطابق سنٹرل پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1600 روپے فی من ہے اس شرح سے 20 کلوگرام کے تھیلہ کی نئی قیمت ایکس ملز نرخ 900 روپے اور ریٹیل قیمت 925 روپے ہو گی جبکہ جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں گندم کی قیمت 1550 اور 1525 روپے فی من ہے ان شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 50 روپے سے لے کر 60 روپے فی تھیلہ اضافہ ہو گاے جنوبی پنجاب کے مضافات میں ایسے شہر بھی ہیں جہاں پر گندم کی قیمت 1500 روپے فی من ہے ان شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں اور بھی کمی ہو گیے ایسوسی ایشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جس ڈویرثرن میں گندم کی جو قیمت ہو گی اس کے مطابق آٹے کی قیمت ہو گی۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین عبدالرؤف مختار نے کہا ہے کہ اس وقت اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخوں میں بے انتہا اضافہ ہو چکا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخوں میں ماہ رمضان کے وسط سے ہی اضافہ ہو گیا تھا۔ لیکن رمضان کے تقدس کے پیش نظر ہم نے حکومت پنجاب کی درخواست پرحکومت سے تعاون کرتے ہوئے عوام کی سہولت کیلئے تھیلا آٹا پرانے نرخوں یعنی 783روپے ایکس ملز اور 805روپے فی تھیلا پر فروخت کیا۔ عید کی تعطیلات کے بعد اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخ اپنی انتہائی حدود کو چھو رہے ہیں۔ ایسی صورت میں پرانے نرخوں پر آٹا کی فروخت ممکن نہ ہے۔ حکومت پنجاب، محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے 20کلو گرام تھیلا آٹا کے گرائنڈنگ چارجز 100روپے فی تھیلا مقرر ہیں ، لہذا آئندہ تھیلا آٹا کے نرخ مختلف علاقوں میں اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخوں کے مطابق مقرر ہوں گے۔ یعنی اوپن مارکیٹ میں 20کلو گرام گندم کی قیمت جمع 100روپے فی کلو گرام گرائینڈنگ چارجز برابر ہے اور آج سے صوبہ بھر کی مارکیٹوں میں اسی فارمولہ کے تحت قیمتوں کا تعین کرکے 20کلو گرام کا تھیلا آٹا دستیاب ہو گا۔ دریں اثناء آٹا چکی مالکان نے چکی سے تیار کردہ ایک کلو آٹے کی قیمت میں 2سے 3روپے فی کلو اضافہ کر دیا جس کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔ چکی مالکان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم 1700 سے 1800میں مل رہی ہے اوراس صورتحال کے پیش نظر انہوں نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ آٹا چکی مالکان کے مطابق اس وقت چکی سے تیار کردہ ایک کلو آٹے کی قیمت 62روپے ہے جو کہ یکم جون سے 64سے 65روپے ہو جائے گی۔ دریں اثناء وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آٹا مہنگا کرنے کا فلور ملز مالکان کا بیان یکطرفہ ہے حکومت ایسے فیصلے تسلیم نہیں کرتی۔ مختلف اضلاع میں گندم کا ریٹ ایک جیسا نہیں ہو سکتا جہاں گندم سستی ہوگی وہاں آٹا سستا ہوگا۔ آٹے کا ریٹ انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی مشاورت سے طے ہو گا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن نے تعاون نہ کیا تو کوئی اور فیصلہ کیا جائے گا۔ عبدالعلیم خان کی زیر صدارت محکمہ خوراک کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بتایا گیا کہ سرکاری سطح پر پنجاب میں گندم کی خرید کا گزشتہ 10برسوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور پہلی مرتبہ محکمہ خوراک نے 40لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خرید کی حد عبورکر لی ہے جس کے بعد صوبے کے پاس مجموعی طور پر 43لاکھ میٹرک ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں جو صوبے کی ضروریات پوری کرنے کے لئے وافر ہوں گے۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے اس اہم کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ اب فوری طور پر فلور ملز اور سیڈ کمپنیوں کو گندم کی خرید میں مدد فراہم کی جائے تاکہ اس شعبے میں بھی گندم ضرورت کے مطابق موجود ہو۔ اسی طرح صوبہ کے پی کے کے لئے گندم کی فراہمی کے لئے مربوط حکمت عملی وضع کی جائے جس میں دونوں صوبوں کے خوراک کے محکموں اور چیف سیکرٹری صاحبان کو آن بورڈ لیا جائے تاکہ کہیں کوئی کنفیوژن نہ ہو۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے سیکرٹری خوراک کو یہ ہدایت بھی کی کہ کل ہی پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن سے اجلاس منعقد کیا جائے جس کے بعد محکمہ خوراک اور فلور ملز کی مشاورت سے ہر ڈویژن میں ضلعی انتظامیہ آٹے کی قیمت کا تعین کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی صوبے بھر کے بارڈر سیل رکھے جائیں تاکہ سمگلنگ کو روکا جا سکے جس سے گندم کی قیمت نیچے آ سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن