شہباز شریف 2 جون کو نیب لاہور طلب‘ حفاظتی اقدامات مکمل
لاہور (سٹاف رپورٹر) نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں شہباز شریف کو 2 جون کو طلب کر لیا ہے۔ نیب ترجمان کے مطابق اس حوالے سے شہباز شریف کو گزشتہ پیشی پر نیب کی ایس او پیز (SOP) کے تحت باقاعدہ مفصل سوالنامہ بھی فراہم کیا گیا تھا اور انکی خواہش کے مطابق انہیں مناسب وقت بھی فراہم کیا گیا تاکہ اس دوران وہ مطلوبہ مکمل ریکارڈ کی دستیابی ممکن بنا سکیں۔ نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم نے اس دوران کرونا وباء کے پیش نظر پہلے سے مزید بہتر انتظامات بھی مکمل کر لئے ہیں جن میں سماجی فاصلہ، سینی ٹائزرز کی فراہمی کے علاوہ ٹیبل پر گلاس وال کی تنصیب شامل ہیں۔ اسکے علاوہ سوال و جواب کے دوران CIT ممبران کیلئے ماسک کے استعمال کی پابندی پر بھی عملدرآمد کیا جائیگا۔ روزانہ کی بنیاد پر تمام انٹرویو رومز کو جراثیم کش سپرے سے باقاعدہ صاف بھی کیا جا رہا ہے۔ نیب لاہور حکومت کی جانب سے متعارف احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد کر رہا ہے جبکہ نیب لاہور کے افسران و اہلکار تاحال کرونا وباء کے اثرات سے مکمل محفوظ ہیں۔ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کا معتبر ترین ادارہ ہے جس کا مقصد ناصرف ملک سے کرپشن و بدعنوانی کا خاتمہ ہے بلکہ کرپٹ عناصر سے لوٹی گئی قومی دولت برآمد کرا کر قومی خزانے میں جمع کرانا ہے۔