تعلیمی ادارے ، شادی ہالز، سینما بند رکھنے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں ہے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں کرونا وباء کا پھیلاؤ روکنے، ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں اورآئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔ عثمان بزدار نے ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے ہی بیمار ی کا پھیلاؤکم ہوگا۔کرونا ہماری زندگیوں میں آچکا ہے،اب احتیاط سے ہی زندگی بسرکرنا ہوگی۔ محکمہ صحت کوترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ عوام کی صحت سب سے زیادہ عزیز ہے۔ ہر وہ اقدام کر رہے ہیں جس سے بیماری کا پھیلاؤ کم سے کم ہو۔ تعلیمی اداروں، شادی ہالوں اور سینما گھروںکو بند رکھنے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں۔ عوام کی حفاظت کیلئے مزید اقدامات بھی کریںگے۔ موجودہ حالات میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ سردار عثمان بزدار نے ٹڈی دل کے خاتمے کی مہم کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کردیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں اوراداروں کو ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے 24گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کے غیر معمولی پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہرممکن اقدام کیا جائے۔ پنجاب حکومت نے ایک ارب روپے کے وسائل فراہم کئے ہیں۔ ٹڈی دل سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے۔ عثمان بزدار نے کرونا وائرس سے شہید ہونیوالی لیڈی ڈاکٹر ثناء فاطمہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ مولانا غلام محمد سیالوی کے انتقال پر ‘ خیرپور ٹامیوالی کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر‘ چیئرمین پیمرا سلیم بیگ کی والدہ‘ آر پی او فیصل آباد راجہ رفعت مختار کے بھائی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔