توشہ خانہ کیس: نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ ، زرداری کو ایک روز استثنیٰ
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں اور تحائف وصول کرنے سے متعلق ریفرنس میں نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ جبکہ زرداری کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر تے ہوئے تمام ملزموں کو 11جون کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید کی گرفتاری کی استدعا مسترد کردی۔ یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ نواز شریف اور زرداری نے عدالت میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ نیب استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی عمرہ پر طلبی کے سمن کی تعمیل کی گئی تھی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزموں کی گرفتاری کا حکم دیا جائے۔ نواز شریف اور زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں۔ طلبی کے نوٹس کے باوجود نواز شریف عدالت سے غیر حاضر رہے۔ زرداری کے وکیل نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے مخالفت کی اور کہا کہ ملزم کو عدالتی سمن کی تعمیل کروا چکے ہیں۔ احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے نشاندہی کی کہ زرداری کے سمن کی تعمیل چوکیدار سے کرائی گئی ہے جس پر نیب استغاثہ کا کہنا تھا کہ ضابطہ فوجداری کے قوانین کے مطابق ملزم کے ملازم کو سمن کی تعمیل کرا سکتے ہیں۔ زرداری کی طلبی کا سمن وصول کیا گیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جو ملزم پیش ہوئے ہیں صرف ان کی حاضری لگے گی۔ نیب نے آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹس پر اعتراض اٹھایا جس پر ان کے وکیل نے کہا کہ نیب نے رپورٹ دیکھے بغیر ہی اعتراض کردیا ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ نواز شریف کی طرف سے عدالت میں کون پیش ہوا ہے جس پر نیب استغاثہ کا کہنا تھا کہ ان کی طرف سے کوئی بھی پیش نہیں ہوا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نوٹس وصول ہونے کے باوجود نواز شریف پیش نہیں ہوئے۔