• news

امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، دنیا بھارتی سرکار کی بڑھتی انتہا پسندی کا نوٹس لے: شاہ محمود

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہمارے کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں تاہم ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ بھارت اپنے مذموم عزائم پرعمل کرتے ہوئے خطے کا امن خطرے میں ڈال رہا ہے۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ بھارت کے خطرناک عزائم اب عالمی برادری کے سامنے بھی واضح ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے نہتے بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا رہا ہے۔ علاوہ ازیں معاون خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی ڈویژن ڈاکٹر معید یوسف نے گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر علاقائی صورتحال خصوصاً بھارت کی جانب سے حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی جارحیت و دیگر اہم امور پر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اپنے جارحانہ عزائم کے باعث پورے خطے کے امن و استحکام کو داؤ پر لگا رہا ہے۔ خطے میں امن و امان کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے، عالمی برادری کو بھارت سرکار کی بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔ ملاقات کے دوران کرونا وائرس کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے حوالہ سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن