• news

مقبوضہ کشمیر: محاصرے، تلاشی آپریشن کے دوران 2بیگناہ نوجوان گرفتار، حزب المجاہدین سے تعلق کا دعویٰ

سرینگر(آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران مزید دو بیگناہ نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوجیوں نے سرچ آپریشن کے دوران دو بیگناہ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے گرفتار کئے گئے نوجوانوں کی شناخت آصف احمد ڈار اور مزمل احمد پیر کے طور پر کی گئی ہے ۔ بھارتی فورسز نے دونوں نوجوانوں کا تعلق حزب المجائدین سے ہونے کا دعوی کیا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں ’’کشمیر ٹریڈ چیمبر‘‘نے لاک ڈائون کے نتیجے میں ہونے والے معاشی نقصانات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قابض بھارتی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تاجروں کو ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے اقدامات کرے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ’’کشمیر ٹریڈ چیمبر ‘‘ کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مسلسل محاصرے کی وجہ سے تاجروں کا سینکڑوں کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے جس کی وجہ سے انکی مالی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے جبکہ وہ پہلے سے ہی بنکوں اور دیگر مالی اداروں کے بھی مقروض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارکٹیں اور دکانیں بند رہنے کی وجہ سے تاجر مقررہ معیاد پر قرضوں کی ادائیگی سے قاصر ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ چھوٹے دکاندار دانے دانے کے محتاج ہو چکے ہیں اور وہ نان شبینہ کیلئے ترس رہے ہیں۔ انہوںنے قابض انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ دکانداروں کو محدود پیمانے پر دکانیں کھولنے کی اجازت اور انہیں بجلی فیس میں چھوٹ دے جبکہ تاجروں کیلئے قرضوں کی ادائیگی کے وقت میں توسیع کرے۔

ای پیپر-دی نیشن