ایٹمی دھماکے ظفر الحق، گوہر ایوب اور میں نے کرائے، شیخ رشید: کریڈٹ نوازشریف کو جاتا ہے، ظفر الحق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ ایٹمی دھماکا راجا ظفرالحق ، گوہر ایوب اور انہوں نے کیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف سمیت ساری کابینہ ایٹمی دھماکے کے خلاف تھی، ایٹمی دھماکوں کے وقت میری ڈیوٹی ایسی تھی کہ مجھے باہر جانا پڑا، یہ ملکی راز ہیں اور انہیں راز ہی رہنا چاہیے۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ ایٹمی دھماکا راجا ظفرالحق ، گوہر ایوب اور میں نے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا خون چوسنے والوں کومعاف نہیں کریں گے، آج بھی یقین رکھتا ہوں کہ کرپٹ عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا اور قوم عمران خان سے توقع رکھتی ہے کہ چینی چوروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ میں عمران خان کا ساتھی ہوں اور تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔ وزیر ریلوے نے بتایا کہ مزید 5 ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں سرسید، کراچی، شالیمار اور بہاؤالدین زکریا ایکسپریس کو بھی شروع کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کی ہے کہ لاہور کو 3 دن کے بجائے 2 روز بند کیا جائے کیونکہ چھوٹے شہروں کے کاروباری حضرات نے خریداری کیلئے لاہور آنا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اب کرونا کے ساتھ چلنا ہے اور کرونا متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے اس حوالے سے 90 دن بہت اہم ہیں،کرونا کے بعد دنیا میں بہت زیادہ کشیدگی کے امکانات ہیں۔ دریں اثناء پاکستان مسل ملیگ ن کے سینئر رہنما راجہ ظفر الحق کا کہنا ہے کہ ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک میں ایٹمی دھماکے انہوں نے گوہر ایوب اور راجہ ظفر الحق نے کروائے ہیں جبکہ اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف سمیت کابینہ کے تمام اراکین ان دھماکوں کے مخالف تھے، شیخ رشید کی طرف سے دیئے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سینئر لیگی رہنما راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے نواز شریف سے ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ چھینا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا غلط ہے کہ نواز شریف نے مخالفت کی تھی نواز شریف کی مرضی کے بغیر دھماکے نہیں ہو سکتے تھے۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں وفاداری بدلنے والا آج ایٹم بم کا کریڈٹ لے رہا ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے ایٹمی دھماکوں سے متعلق بیان کے رد عمل میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو لوگ پٹاخہ پھٹنے پر گھر میں بیٹھ جاتے ہیں وہ ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ لے رہے ہیں، مشکل وقت میں وفاداری بدلنے والا آج ایٹم بم کا کریڈٹ لے رہا ہے، میڈیا سے درخواست ہے کہ قوم کو وہ ویڈیو کلپ دکھائے جائیں جس میں شیخ رشید نے ایٹمی دھماکوں سے قبل بھاگ جانے کا جرم قبول کیا تھا۔ رانا ثنا للہ نے کہا کہ قوم کا آٹا،چینی چور نیازی، خسرو اور ترین کرپٹ مافیا ہیں، عمران خان اور شیخ رشید کی مشترک نشانی ’جھوٹ‘، ’یوٹرن‘ اور ’ابن الوقتی‘ ہے، شیخ رشید آج اس کا ترجمان ہے جو اسے چپڑاسی رکھنے کو تیار نہ تھا، ریل حادثوں میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ قاتل شیخ رشید سے حساب مانگ رہے ہیں۔
اسلام آباد (محمد نواز رضا ، وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین و سینٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ 28مئی1998ء کو ایٹمی دھماکے کرنے کا کریڈٹ میاں نواز شریف کو ہی جاتا ہے جنہوں نے ملک کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے ایٹمی دھماکے کرنے کا حکم دیا۔ آج 22سال بعد کوئی شخص ان سے ملک کو ایٹمی قوت بنانے کا اعزاز نہیں چھین سکتا۔ ہفتہ کی شب نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں میاں نواز شریف کی1998ء کی کابینہ کا رکن تھا پوری کابینہ میں ما سوائے ایک دو وزراء کے پوری کابینہ نے ایٹمی دھماکے کرنے کے حق میں تھی لیکن ان دو وزراء کا اختلاف ملک پر عائد ہونے والی پابندیوں کو پیش نظر کیا تھا انہوں نے کہا جب کابینہ میں فیصلہ ہو گیا تو یہ پوری کابینہ کا فیصلہ تھا۔ میاں نواز شریف کو قازقستان کے دورہ کے موقع پر بھارت کے ایٹمی دھماکو ں کی اطلاع ملی تو انہوں نے وہیں سے ہی متعلقہ اداروں کو 17روز میں جوابی ایٹمی دھماکے کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ آج 22سال بعد کوئی شخص نواز شریف کے جرات مندانہ کارنامہ کو مشکوک بنا سکتا ہے اور نہ ہی کریڈٹ حاصل کر سکتا ہے۔ یہ کام نواز شریف جیسا جرات مند لیڈر ہی کرسکتا تھا۔ میں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا تھا کہ میاں صاحب اگر ہم نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب نہ دیا تو بھارت پاکستان کو بلیک میل کرتا رہے گا۔ سو میاں نواز شریف امریکی صدر کی 5کالوں کو نظر انداز کر کے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا دیا۔