مختلف شہروں میں بارش، فیصل آباد میں چھت گرنے سے میاں بیوی، بیٹی جاں بحق
فیصل آباد+ سیالکوٹ+ ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگاران + ایجنسیاں) پنجاب‘ بلوچستان کے مختلف شہروں سمیت گلگت بلتستان میں بارش اور آندھی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ فیصل آباد میں خستہ مکان کی چھت گرنے سے میاں‘ بیوی‘بیٹی سمیت جاں بحق‘ 3 بچے زخمی ہو گئے۔ بلوچستان میں سیلابی ریلہ گاڑی بہا لے گیا۔ دادا، پوتا سمیت 3 افراد جاں بحق‘ ہنزہ میں گلیشیئر پگھلنے سے حسن آباد نالے میں طغیانی سے شاہراہ قراقرم کا 50 میٹر کا حصہ اور زیر تعمیر بجلی گھر بہہ گئے۔ آن لائن کے مطابق فیصل آباد میںشدید بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر میاں بیوی بیٹی سمیت جاں بحق ہو گئے جبکہ تین بچوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ گزشتہ شب شدید طوفان بادو باراں کے دوران 590 گ ب نزد پیراں والا پل کے رہائشی زہرے خان کے مکان کی خستہ حال چھت زمین بوس ہو گئی کمرے میں سوئے میاں بیوی سمیت 6 بچے ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبے افراد کو باہر نکالا‘ تاہم اس دوران دم گھٹنے سے 45 سالہ زہرے خان‘ اس کی اہلیہ 40 سالہ عذرا بی بی اور 9 سالہ بیٹی غلام فاطمہ موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 13 سالہ زلیخاں، 10 سالہ خضر اور 5 سالہ حسن کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تاندلیانوالہ منتقل کر دیا گیا۔ آئی این پی کے مطابق ہنزہ میں گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی شیسپر گلیشیر پگھلنے سے حسن آباد نالے میں پانی کی سطح اور بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ڈ ی ایم اے گلگت بلتستان کے مطابق گزشتہ 2 سالوں سے شیسپر گلیشیر کے سرکنے کا عمل جاری ہے اور گلیشیر کے اندر چھوٹی چھوٹی جھیلیں بھی بن گئی ہیں۔ پانی کے بہاؤ سے شاہراہ قراقرم کا تقریباً 50 میٹر کا حصہ اور زیر تعمیر بجلی گھر بھی بہہ گیا ہے، حسن آباد گاؤں کے 9 گھرانوں کو محفوظ جگہ منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں موسلا دھار بارش کے بعد ندی نالوں میں شدید طغیانی ہے۔ بلوچستان میں بھی ڈیرہ بگٹی کی تحصیل پھیلاوغ میں سیلابی ریلے میں گاڑی میں سوار 7 افرد بہہ گئے۔لیویز حکام کے مطابق سیلابی ریلے سے 3 افراد کی نعشیں اور 2 کو زندہ نکال لیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں دادا اور پوتا بھی شامل ہیں۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز سیالکوٹ میں وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی رہی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ برسنے والی موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، جس سے گزشتہ کئی روز سے جاری شدید گرمی اور لو سے پریشان لوگوں نے سکھ کا سانس لیا، متعدد علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، بارش کی وجہ سے گلی محلوں اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا،جبکہ محلہ بخشی پارک میں سیوریج سسٹم کی خرابی کی وجہ سے گلیوں میں کھڑا گندا پانی مکینوں کے لئے وبال جان بن گیا، ان علاقوں میں بارشی پانی نے نظام زندگی کو مزید مفلوج کر کے رکھ دیا۔