• news

آٹے کے نئے نرخوں پر عملدرآمد شروع، گندم خریداری کا طریق کار بدل دینگے: وزیر خوراک

لاہور(کامرس رپورٹر/ نیوز رپورٹر) پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے گزشتہ روز 20کلوآٹے کے تھیلے کی قیمتوں میں بالترتیب100روپے، 120 روپے 80 روپے اور 60 روپے جو اضافہ کیا گیا تھا اس پر 30 مئی سے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ لاہور شہر میں 30 مئی کو 20 کلوگرام کا تھیلہ 805 روپے کی بجائے 925 روپے میں فروخت کیا گیا اور ملتان میں 900 روپے کا فروخت کیا گیا۔ رحیم یار خان میں 880 روپے کا فروخت کیا گیا۔ راجن پور میں 840 روپے میں فروخت کیا گیا۔ فیصل آباد گوجرانوالا میں 915 اور 920 روپے کا فروخے کیا گیا۔ پنڈی میں 925 روپے میں فروخت کیا گیا، جس شہر میں جو گندم کے نرخ تھے اس کے مطابق ایسوسی ایشن نے نرخ طے کر دیے اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے کہیں بھی مداخلت نہیں کی، گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات میں یہ طے پایا کہ گندم کے موجودہ نرخ پلس 100 روپے گرائنڈنگ چارجزشامل کر کے آٹے کے نرخ نکال لیں۔ مذاکرات میں ایسوسی ایشن کے اصول کو کھلے لفظوں میں تسلیم کیا گیا جو گندم کے نرخ ہونگے وہی آٹے کے نرخ ہو نگے۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پنجاب میں گندم و آٹے کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اس سال گندم کی بھرپور خرید متعلقہ محکموں کی مشترکہ کامیابی ہے۔ پنجاب سرکاری طور پر گندم خریدنے کے لئے بھاری رقم خرچ کرتا ہے اور آئندہ سال گندم کی خرید کے حجم اور طریقہ کار کو تبدیل کریں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری سطح پر گندم کی خریداری تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ نہ صرف ہم اپنے ہدف کے نزدیک پہنچ چکے ہیں بلکہ ریکارڈ خریداری کرتے ہوئے پنجاب میں گزشتہ10برسوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے آٹے کی قیمت اور متعلقہ اداروں کے حوالے سے گفتگو کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ محکمہ خوراک فلور ملز ایسوسی ایشن کے مشاورت کے بعد ہر ڈویژن میں ضلعی انتظامیہ کے ذریعے آٹے کے نرخوں کا معاملہ طے کرے گا۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے08رکنی وفد نے چیئرمین عاصم رضا کی سربراہی میں آج سیکرٹری خوراک پنجاب وقاص علی محمود سے ملاقات کی۔ ڈائریکٹر فوڈ پنجاب واجد علی شاہ اور پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف مختار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام لائے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی عاصم رضا نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے پنجاب میں آٹے کے تھیلے کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی ریٹ نہیں دیا ہے۔ سیکرٹری خوراک پنجاب وقاص علی محمود نے میٹنگ سے خطاب کرتے ھوئے کہا کہ فلور ملز کو پنجاب کے تمام ڈویژنز میں گندم خریدنے کی مد میں مکمل نقل وحمل کی اجازت ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن