• news

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی، مزید 2 نوجوان شہید، علاقے میں سرچ آپریشن

سرینگر (آن لائن + اے این این) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں مزید دو نوجوان شہید ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع کلگام میں بھارتی فوجیوں نے تلاشی اور سرچ آپریشن کی آڑ میں اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو نوجوان شہید ہو گئے۔ بھارتی فوجیوں نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے۔ علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ وادی میں انٹرنیٹ سروس پر مکمل پابندی جاری ہے۔ ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق پولیس کا کہنا کہ سی آر پی ایف، ایس او جی، آر آر سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جاری تصادم کے دوران دو عسکریت پسندوں کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ ان کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔ حزب المجاہدین کے دو مجاہدین شاکر رحمان اور پرواز پنڈت شہید ہو گئے۔ کولگام میں جھڑپ کے مقام کے قریب ہنگامے پھوٹ پڑے۔ فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے دوران زخمی ہونے والے دو مظاہرین رئیس احمد ولد محمد اشرف اور یاسر حمید ولد عبد الحمید کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں رواں سال 2020 میں39 واقعات میں88کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا۔جن میں جنوری میں 22 ،فروری میں 11، مارچ میں 8، اپریل میں32 اور مئی میں 15کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ ضلع کولگام میں 2000 سے اب تک 128 واقعات میں 150عسکریت پسنداور 48عام شہری شہید ہوئے ہیں۔جبکہ 38سکیورٹی اہلکار مارے گئے ہیں۔ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق عسکریت پسندوں میں جیش محمد ،لشکر طیبہ اور حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر بھی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن