2 بھارتی ڈرون گرا کر بتا دیا پاک فوج ہمہ وقت تیار: رحمان ملک
اسلام آباد (نیوزرپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ نریندری مودی کو خطے کا ایس ایچ او نہیں بننے دیں گے۔ مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان مکمل الرٹ ہے۔ پہلے روز سے کہہ رہا ہوں کرونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا، اب ہسپتالوں نے نئے مریض لینے سے انکار شروع کردیا ہے۔ اینٹی کرونا وائرس رورل ایئر یا پروگرام شروع کیا جائے۔ خورشید شاہ کو رہا کیا جائے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رحمن ملک کا کہنا تھا کہ بھارت لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔ تین دنوں میں پاکستان نے بھارت کے دو جاسوس ڈرون مار گرائے ہیں۔ پاک فوج نے بھارت جاسوس ڈرون گرا کر بھارت کو بتادیا کہ پاکستانی افواج ہمہ وقت تیار ہیں، علاقائی منظرنامے پر بات کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ بھارتی ایجنسی را اور افغان ایجنسی این ڈی ایس کا پاکستان کے خلاف گٹھ جوڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے بلوچستان میں مداخلت اور دہشتگردی کر رہا ہے۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی حکومت بھارت میں مسلمان اقلیتوں اور کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ بھارت اپنے اردگرد کے تمام ہمسایہ ممالک کو جنگ پر اکسا رہا ہے۔ وزیراعظم کو لکھے گئے اپنے خط میں کرونا و دیگر اہم معاملات پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کر چکا ہوں۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ماسک پہننا ہر شہری کے لیے لازم قرار دیا جائے اور عوام میں مفت بانٹے جائیں جبکہ ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی کٹس مہیا کی جائیں۔انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز و دیگر طبی عملے کو 100 فیصد رسک الاؤنس کی منظوری دینے کا بھی مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کو نظر انداز نہ کیا جائے، کرونا وائرس کیخلاف ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔ ہر حال میں احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ انہوں نے نوکری نہ کرنے والی خواتین ڈاکٹرز سے اپیل کی کہ وہ قوم کی خدمت کے لیے آگے بڑھیں۔ وزارت صحت ضروری قانون سازی پارلیمنٹ میں لائے کہ کرونا وائرس کیخلاف ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے کرونا سے ڈرنا نہیں جیسے نعرے سے عوام کرونا وائرس کو کچھ سمجھ نہیں رہی ہے۔ ہمیں کہنا ہوگا کہ ہم نے کرونا وائرس سے خود اور قوم کو محفوظ رکھنا ہے۔ بھارت لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی و شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے بھارت کا جاسوس ڈرون طیارے بھیجنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ افغانستان کو تنبیہ کرتا ہوں کہ بھارت کے نرغے میں آکر بلوچستان میں مداخلت بند کرے۔ انہوں نے کہاکرونا کی موجودہ صورتحال میں بھی مودی پاکستان کا پیچھا نہیں چھوڑ رہا اگر ڈائیلاگ ہی مارنے ہیں تو مودی کو چاہیئے وہ امتیابھ بچن کو اقتدار دیدے وہ بہتر طریقے سے حکومت چلا سکے گا۔ بھارت خطے کا ایس ایچ او بننا چاہتا ہے نیپالی حکومت کی جرأت مندی پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں بھارت چین اور پاکستان پر جارحیت کے موڈ میں ہے، ایسا لگتا ہے کہ تیسری عالمی جنگ میں دنیا کو مودی دھکیلنا چاہتا ہے ہمیں اس وقت اپنے گھر کو ٹھیک کرنا ہے، کشمیر کے بارے میں مسلم بلاک بنانے میں ہم کامیاب نہیں ہوئے مگر گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ وفاقی حکومت بھارتی حکومت کے عزائم سے پوری دنیا کو آگاہ کرے ۔ زندگی سب سے قیمتی ہے آپ سمارٹ لاک ڈاؤن لے کر آئیں مگر کرفیو کے ساتھ کیونکہ پولیس عملدرآمد میں ناکام ہوگئی ہے بھارتی قیادت سے اپیل ہے کہ وہ دھمکیوں کی بجائے کرونا کے خلاف ایک کونسل بنائیںسارک ممالک میں کوئی بھی امیر نہیں ہے، اس لئے تمام سارک ممالک کو اس حوالے سے اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے۔رحمن ملک نے پیپلز پارٹی کے رہنماء سید خورشید شاہ کی رہائی کا مطالبہ کردیا کرونا کی موجودہ صورتحال میں بزرگ سیاستدان خورشید شاہ کو رہا کیا جائے، رحمان ملک نے کہا خورشید شاہ نے ملک کی خدمت کی ہے، جب سب رہا ہوچکے تو سید خورشید شاہ کو بھی رہا کیا جائے۔