• news

بابراعظم کو ٹیم کے مفاد میں دوستوں کی قربانی دینا ہوگی:رمیز راجہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) سابق کپتان رمیز راجہ نے قومی ٹیم کیلئے مناسب کمبی نیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختصر فارمیٹ کے قائد بابراعظم گرین شرٹس سائیڈ کی بہتری کیلئے مضبوطی سے فیصلے کریں۔ بابراعظم کو یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ وہ مضبوط فیصلے کر کے ہی قیادت کی قیمت ادا کرنے کی ضرورت پوری کر سکتے ہیں کیونکہ ٹیم کے مفاد میں قدم اٹھاتے ہوئے انہیں اپنے ان دوستوں کی قربانی بھی دینا ہوگی جن کے ساتھ وہ نچلے درجے پر کرکٹ کھیلتے رہے ہیں کیونکہ ان میں سے کوئی بھی ٹیم کامبی نیشن کی بہتری میں اپنا کردار ادا نہیں کر سکے گا۔ اگر بابراعظم کی خواہش عمران خان جیسا کپتان بننے کی ہے تو انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ عمران خان میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کرتے تھے اور حریف ٹیم کو دیکھتے ہوئے اپنی ٹیم میں تبدیلی کرنا ان کی عادت تھی جس کا سامنا انہیں کرنا ہوتا تھا۔ ورلڈ کپ کے فاتح کپتان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بابر اعظم کو اس آزادی کی بھی شدت سے ضرورت محسوس ہو گی کہ وہ ٹیم سلیکشن اور حکمت عملی کے اعتبار سے اپنے فیصلے کر سکیں کیونکہ دوسری صورت میں وہ مطلوبہ نتائج کے حصول میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے اور قوم نے جو امیدیں ان سے وابستہ کرلی ہیں وہ بھی پوری نہیں ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن