1983میں سمگلنگ کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا سہارا لیا گیا: حنیف خان
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن حنیف خان نے 37 سالہ پرانہ پنڈورا باکس کھول دیا، انہوں نے کہاہے کہ1983میںسمگلنگ کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا سہارا لیا گیا۔سابق اولمپئین و کپتان حنیف خان نے انکشاف کیا ہے کہ میں 1983ء میں ٹیم کا کپتان تھا۔قومی ہاکی ٹیم ہانگ کانگ سے وطن واپس آرہی تھی تو سامان میں گاڑیوں کے پارٹس، چشموں کے فریم اور وی سی آر شامل تھے۔اولمپئین حنیف خان نے بتایا ہے کہ ہانگ کانگ ایئر پورٹ پر ہی سمگلنگ کا سامان پاکستان ہاکی ٹیم کے سامان کے ساتھ روانہ کیا گیا تھا۔ ایئر پورٹ پر کسٹم حکام نے پاکستان ہاکی ٹیم کو سمگلنگ کے سامان سے آگاہ کیا تھا، اس وقت اس سامان کی لاگت ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے تھی۔اولمپئین حنیف خان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران ٹیم کے کچھ آفیشلز ملوث نکلے تھے جبکہ پاکستان کا نام مزید بدنام ہونے سے بچانے کے لیے کیس دبا دیا گیا تھا۔