قومی رابطہ کمیٹی آج کرونا روکنے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کریگی جرمانوں‘ دکانوں کی بندش کا امکان
اسلام آباد (جاوید صدیق) قومی رابطہ کمیٹی جو آج پیر کے روز ملک میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلتے ہوئے واقعات اور اس کے اثرات پر غور کرے گی۔ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کرے گی۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ تاجر مارکیٹیں اور شاپنگ مال، جو حکومت و انتظامیہ کے طے شدہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کریں گے، ان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو سکے گی۔ ایسے تاجروں پر جرمانے ہو سکتے ہین اور ان کی دکانیں بند بھی ہو سکتی ہیں۔ جن شاپنگ مالز میں کرونا وائرس سے متعلق ایس او پیز پر عمل نہیں ہو گا، وہ شاپنگ مال بھی بند کئے جا سکتے ہیں۔ ایسے گاہک جو فیس ماسک کے بغیر ہونگے، انہیں تاجر ساز و سامان دینے سے انکار کر دیں گے۔ دفاتر، شاپنگ سنٹرز، عوامی مقامات اور عوامی ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والے مسافر ، عدالتوں میں پیش ہونیوالے سائلین اگر فیس ماسک استعمال نہین کریں گے تو ان کیخلاف بھی قانون کے تحت کاروائی ہو سکے گی۔ رابطہ کمیٹی اپنے اجلاس میں کرونا وائرس پر عمل درآمد کیلئے قانون کے تحت سخت اقدامات اپنانے کی منظوری دے گی۔ آج کے اجلاس میں کمیٹی کو جون اور جولائی کے دوران پاکستان میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی مجموعی تعداد کی پروجیکشن سے بھی آگاہ کیا جائیگا۔ نوائے وقت کو بعض معتبر ذرائع نے بتایا ہے کہ ماہرین کا خیال ہے کہ جون میں پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ تک ہو سکتی ہے۔ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت صحت، این ڈی ایم اے، اور متعلقہ ادارے کرونا کے پھیلائو کو روکنے کے سلسلے میں اپنی اپنی سفارشات سے آگاہ کریں گے۔