پٹرول 7.06، لائٹ ڈیزل 9.37، مٹی کا تیل 11.88روپے لٹر سستا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ‘ وقائع نگار خصوصی) پٹرولیم مصنوعات میں تقریباً 12روپے تک کی کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات میں تقریباً 12 روپے تک کی کمی کر دی گئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 88 پیسے فی لٹر کمی کی جس کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت47 روپے 44 پیسے سے کم ہو کر 35 روپے 56 پیسے فی لیٹر اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 7 روپے 6 پیسے کمی کے بعد 81 روپے 58 پسے سے کم ہوکر 74 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں پانچ پیسے اضافے کے بعد 80 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 47 روپے 52 پیسے سے کم کرکے 38 روپے 14 پیسے کم کردی گئی ہے۔ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہوگیا۔ واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے دو روز قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کی سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوائی گئی تھی جس کے مطابق پٹرول 7 روپے 6 پیسے اور مٹی کا تیل 11 روپے 88 پیسے سستا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں لائٹ ڈیزل 9 روپے 37 پیسے سستا کرنے جب کہ ہائی سپیڈ ڈیزل 5 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش بھی کی گئی تھی۔ اوگرا کی تمام سفارشات کی منظوری دے دی گئی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں پٹرول کی مصنوعی قلت کر دی گئی ہے اور پٹرول پمپس سے پٹرول غائب کر دیا گیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پٹرول، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کی ہے۔ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ہمارے ہاں پٹرول کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔ بھارت میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہم سے دوگنا ہیں۔