• news

ہانگ کانگ کو دی گئی خصوصی مراعات بتدیج ختم کردینگے: ٹرمپ

واشنگٹن (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ ہانگ کانگ کو ملنے والی کئی خصوصی مراعات ختم کرنا شروع کرے گی۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب چین نے ہانگ کانگ میں ریاست مخالف سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سلامتی کا ایک نیا قانون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے یہ اعلان گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہانگ کانگ اب اتنا خود مختار نہیں رہ گیا کہ اس کے ساتھ ترجیحی سلوک برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے چین پر الزام لگایا کہ اس نے ’ایک ملک دو نظام‘ کو ’ایک ملک ایک نظام‘ میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے امریکہ اور ہانگ کانگ کے درمیان تمام تر معاہدوں پر اثر ہو گا جن میں مجرمان کی حوالگی سے لے کر برآمدی پابندیاں تک شامل ہیں۔ صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ مرکزی چین اور ہانگ کانگ کے ایسے حکام پر پابندیاں لگائی جائیں گی جنہیں خطے کی خود مختاری کے خاتمے میں ملوث تصور کیا جائے گا۔ چین کے سرکاری میڈیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہانگ کانگ کو حاصل خصوصی حیثیت کے خاتمے کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے چین سے زیادہ امریکہ کو نقصان ہو گا،میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر چین ہانگ کانگ میں نیا سکیورٹی قانون نافذ کرتا ہے، تو امریکہ اس شہر کو حاصل خصوصی اقتصادی حیثیت ختم کر دے گا۔ امریکی صدر نے نام بتائے بغیر کہا تھا کہ وہ ہانگ کانگ کی بعض شخصیات پر پابندیاں بھی عائد کر سکتے ہیں۔ چینی میڈیا کے مطابق ہانگ کانگ پر پابندیاں اس شہر اور چین کو خوف زدہ نہیں کر سکتیں۔

ای پیپر-دی نیشن