طیارہ حادثہ: ڈی این اے مکمل ، 90نعشوں کی شناخت فرانسیسی ٹیم واپس روانہ
کراچی (صباح نیوز‘نوائے وقت رپورٹ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) طیارہ حادثہ کی تحقیقات کرنے والی ایئربس کمپنی کی ٹیم اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد پیر کے روز کراچی سے فرانس روانہ ہو گئی۔ جبکہ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے دو رکن بھی فرانسیسی ٹیم کے ہمراہ فرانس روانہ ہوئے ہیں۔ پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات کے لئے 11ٹیکنیکل ایڈوائزرز 26 مئی کو فرانس سے کراچی پہنچے تھے۔ جہاز کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کی ڈی کوڈنگ کا عمل آج سے شروع ہو گا۔ دوسری جانب طیارہ حادثہ میں سندھ فرانزک ڈی این اے لیب کے تحت ڈی این اے میچنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ ترجمان لیبارٹری کے مطابق مسافروں کے لواحقین کے 69نمونے وصول ہوئے تھے۔ پولیس کی جانب سے 70شہدا کے نمونے ملے۔ 50میتوں کی ڈی این اے پر وفائلنگ مکمل ہو چکی ہے۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق طیارہ حادثہ میں اب تک 87میتوں کی شناخت ہو چکی ہے۔ 87میتیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیق کے مطابق طیارہ حادثہ میں اب تک 90لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے۔ 88میتیں ورثاء کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ اس وقت ایدھی سرد خانے میں 6اور چھیپا سرد خانے میں تین موجود ہیں۔ دو ڈی این اے نمونے مسترد ہوئے یا ان پر تنازعہ ہے۔طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے سیکنڈ لیفٹیننٹ حمزہ یوسف کی نماز جنازہ امین شہید سٹیڈیم قصبہ کالونی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز ڈی آئی جی ویسٹ زون کیپٹن (ر) عاصم خان‘ ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین جانوری‘ ایس ایس پی سینٹرل راؤ عارف اسلم ایس پی اورنگی شبیر احمد بلوچ دیگر فوج اور پولیس کے اعلی افسران, سیاسی و سماجی شخصیات اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی ویسٹ نے شہیدکے والد پولیس آفیسر ASI محمد یوسف سے بیٹے کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات بلندی کے لیے دعا کی. اس موقع پر ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے پاکستان آرمی کے ہمراہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور SOP کی مطابق نماز جنازہ کی ادائگی کے لیے انتظامات کیے۔