مقبوضہ کشمیر: بھارتی دہشتگردی ، آپریشن کے بہانے 13نوجوان شہید، مظاہرے، نسل کشی جاری
سری نگر (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن+کے ایم ایس) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری ہے۔ بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے بہانے ایک روز میں مزید 3 1کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ تینوں نوجوانوں کو راجوڑی میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ تین دن میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 5 1ہو گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع راجوڑی میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران بدترین بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی۔ بھارتی فوج نے شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی بھونڈی کوشش کی۔ علاقہ مکینوں نے قابض بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف شاہراہ بلاک کر شدید احتجاج ،مظاہرے کئے اور نعشیں لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ نوجوان نہتے اور معصوم تھے جنہیں جعلی مقابلے میں قتل کیا گیا۔ کے ایم ایس کے مطابق بھارتی فوج نے پونچھ اور مینڈھر میں 10 نوجوانوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا ہے ۔جنوبی ضلع پلوامہ میں پیر کے روز ایک 70 سالہ شہری کی موت واقع ہونے سے مقبوضہ جموں کشمیر میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد31 تک بڑھ گئی، ضلعی ہسپتال پلوامہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر میر مشتاق نے بتایا کہ 70سالہ شہری کو پیر کی صبح مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا جہاں اس کے نمونے حاصل کئے گئے جن کی رپورٹ بعد میں مثبت آگئی۔