• news

بھارت ہمسایوں کیخلاف جارحیت کا مجرم،سفارتی عملے کی گرفتاری، تشدد مذموم حرکت: شبلی فراز

اسلام آباد (وقائع نگار خصوص) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت پاکستانی ہائی کمیشن کو اپنی سفارتی ذمہ داریوں کی انجام دہی سے روکنا اور سفارتی عملے کی گرفتاری وتشدد مذموم اور انتہائی قابل مذمت حرکت ہے۔ بھارت خطے میں اپنے تمام ہمسایوں کے خلاف جارحیت کا مجرم ہے۔ عالمی برادری بھارتی اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے سفارتی و عالمی قانون کے منافی رویہ پر بھارت کا محاسبہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹویٹ میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو متعصبانہ اور پرتشدد اقدامات کا نشانہ بنانے والی آر ایس ایس بی جے پی حکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کی مہم شروع کرچکی ہے۔ مہم کا مقصد اپنے جرائم کو چھپانا، اقلیتوں کے خلاف عالمی بدنامی ورسوائی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا ہے۔ بھارتی شرپسندی اور توسیع پسندانہ سوچ چین جیسے امن اور ترقی پسند دوست ملک کو بھی سرحد پر اپنی فوج لانے پرمجبور کر چکی ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ نیپال کے حوالے سے بھی اسی نوعیت کی خبریں میڈیا میں آرہی ہیں۔ مسلمہ عالمی تنازعہ جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں یک طرفہ وغیر قانونی اقدامات بھارت کے خلاف جرائم کی فرد جرم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن