• news

ڈھابوں اور مہنگے ہوٹلوں پر ایک قیمت پر آٹا فراہم نہ کیا جائے: وزیر خوراک

لاہور (نیوز رپورٹر) سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے صوبے میں گندم و آٹے کی سبسڈی کے طریقہ کار میں تبدیلی لانے کا عندیہ دیتے ہوئے محکمہ خوراک کو ٹاسک سونپ دیا ہے کہ وہ نئے خطوط پر سبسڈی کے لئے سفارشات تیار کرے جس میں فلور ملز و اداروں کی بجائے اس سبسڈی کا فائدہ بلا واسطہ طور پر نچلے طبقے اور عام آدمی کو پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کی سبسڈی کو ایک نئے لائحہ عمل کے تحت ترتیب دے رہے ہیں۔ فائیو سٹار ہوٹل اور غریب آدمی کے گھر پر ایک ہی قیمت پر آٹے کی فراہمی غریب لوگوں کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے جس کا ازالہ نئے سبسڈی نظام میں کیا جائے گا۔ یہاں لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب میں "ٹارگٹڈ سبسڈی" کے لئے ہوم ورک مکمل کریں جس میں وفاقی حکومت کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ مہنگے ہوٹلوں اور ڈھابے پر ایک ہی قیمت پر آٹے کی فراہمی نہیں ہونی چاہیے، موجودہ پریکٹس کے مطابق حکومت مجموعی طور پر آٹے کو سبسڈائزڈ کر دیتی ہے جس کے بعد امیر اور غریب آدمی کو ایک ہی قیمت پر آٹے اور روٹی کی فراہمی عمل میں لائی جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن