نوازشریف کے پاکستان میں ٹیسٹوں کی تحقیقات کی جائے،فواد چوہدری
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سابق وزیراعظم نوازشریف کی حال ہی میں سامنے آنے والی تصاویر کے بعد سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے مطالبہ کیا ہے کہ نوازشریف کے پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹوں کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں۔یہ مطالبہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے ایک خط میں کیا ہے۔ وفاقی وزیر فوادچودھری نے نوازشریف کے پاکستان میں ٹیسٹوں سے متعلق تحقیقات کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کی سامنے آنیوالی تصاویرمیں حالت اچھی نظرآرہی ہے،نوازشریف ٹیسٹ رپورٹس حکومت کیساتھ شیئرنہیں کررہے ۔خط میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ برطانوی لیبارٹریزنے نوازشریف کی بیماری کی تصدیق نہیں کی اس لئے نوازشریف کی ٹیسٹ رپورٹس سے متعلق تحقیقات کی ضرورت ہے۔ فوادچودھری نے مطالبہ کیا کہ ٹیسٹ رپورٹس کی انکوائری کیلئے کمیٹی بنائی جائے،خدشہ ہے عدالتوں سے ریلیف کیلئے جعلی ٹیسٹ رپورٹس تیارکی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی تصاویربتارہی ہیں کہ وہ صحت مندہیں،حقائق مسخ کرکے نوازشریف کے بیرون ملک جانے کی راہ ہموارکی گئی۔ انہوں نے سابق وزیراعظم کے پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹ رپورٹس پر انکوائری کمیٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کا تعین ہونا چاہیے کہ پاکستان میں کس نے ٹیسٹ رپورٹس میں حقائق کو مسخ کیا اور تحقیقات میں یہ بھی سامنے لایاجائے کہ کس کس نے نوازشریف کو فرار میں مدد کی۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف عدالتوں سے طبی بنیاد پر ضمانت کے بعد حکومتی اجازت سے 19 نومبر 2019 سے علاج کے لیے لندن میں مقیم ہیں اور عمران خان نے کابینہ کی مخالفت کے باوجود رحم کھاتے ہوئے نوازشریف کو جانے کی اجازت دی تھی اور اس موقع پر موقف اپنایا تھا کہ شوکت خانم کے ڈاکٹرز نے بھی بتایا ہے کہ نوازشریف کی طبیعت واقعی بہت خراب ہے ۔