• news

یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں لازمی سروسز ایکٹ نافذ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن ) وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز کارپویشن میں لازمی سروسز ایکٹ نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ سروسز ایکٹ میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین کے لیے آئندہ 6 ماہ کے لیے ہڑتال اور احتجاج پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت صنعت و پیدوار کی درخواست پر وزارت داخلہ نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں لازمی سروسز ایکٹ کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی ہے۔کرونا وائرس کے دوران عوام کو ضروریات زندگی فراہم کرنے میں تعطل سے بچنے کے لیے لازمی سروسز ایکٹ لاگو ہوگا اور لازمی سروسز ایکٹ نافذ ہونے کے بعد ہڑتال اور احتجاج کرنے والے ملازمین کو برطرف اور گرفتار کیا جائے گا۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سی بی اے کے چیرمین عارف حسین شاہ نے کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے لازمی سروسز ایکٹ کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف احتجاج اور عدالتوں سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کارپوریشن سی بی اے کے چیئرمین کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ ملازمین کے قانونی حقوق کو غصب کرنے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کارپوریشن کی مینجمنٹ اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لیے حکومت کو گمراہ کررہی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن