صحت کی سہولیات دینا ،معیشت بچانا وفاق کی ذمہ داری، حکومت فرار اختیار نہیں کر سکتی: بلاول
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ زندگیاں بچانے کیلئے صحت کی سہولیات دینا اور معیشت بچانا وفاق کی ذمہ داری ہے۔ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے فرار اختیار نہیں کر سکتی۔ تفصیل کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دیتے ہوئے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی سے سینکڑوں بچے وائرس سے متاثر ہوئے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت کا وبا اور ٹڈی دل سے متعلق غیر سنجیدہ رویہ بہت خطرناک ہے۔ سندھ حکومت وائرس سے عوام کو بچانے اور ٹڈی دل کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ رکاوٹوں اور مخالفین کی الجھاؤ پالیسی کے باوجود سندھ حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں تو دوسری جانب وفاق ٹڈی دل خاتمے کے نیشنل ایکشن پروگرام پر عملدرآمد میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے خطرناک قحط کی صورتحال پیدا کر سکتے ہیں۔ اگر ایسی کوئی صورتحال پیدا ہوئی تو وجہ وفاقی حکومت کی مجرمانہ غفلت ہوگی۔