• news

چیف سیکرٹری کی ملاقات، آٹے، اشیائے ضروریہ کے نرخ میں اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) لاہوریوں کیلئے ایک اور اچھی خبر آگئی۔ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کا منصوبہ جلد شروع ہوگا اور سدرن لوپ فور پراجیکٹ کی تیاری شروع کی جارہی ہے۔ لاہور رنگ روڈ اتھارٹی اور این ایل سی کے درمیان سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط رواں ماہ ہوںگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کا خصوصی اجلاس ہوا۔ بتایا گیا کہ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری رائیونڈ روڈ سے ملتان روڈ تک بنایا جائے گا۔ سردار عثمان بزدار سے چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے ملاقات کی۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب افتخار علی سہو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران صوبے میں گڈ گورننس اور عوام کو بہترین سروسز کی فراہمی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کو صوبے میں کرونا، ٹڈی دل، گندم خریداری اور بجٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری عثمان بزدار کو کرونا اور ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے آگا ہ کیا۔ پنجاب میں آٹے کے نرخ پر کنٹرول کیلئے حکومتی اقدامات سے آگا ہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آٹے اور دیگر اشیاء ضروریہ کے نرخ میں اضافہ برداشت نہیں کیاجائے گا۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں کروناکی وجہ سے پیدا ہونے والی اقتصادی صورتحال کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ عثمان بزدار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ مزید کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات ہر حال میں عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ متعلقہ ادارے و محکمے موثر منصوبہ بندی کرکے ریلیف کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ عثمان بزدار نے ممتاز ادیب اور مترجم ڈاکٹر آصف فرخی، رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال‘ میرانشاہ میں مدرسے کی چھت گرنے سے طلبہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن