کرونا سے صحتیاب ایم این اے منیر اورکزئی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق، صدر وزیراعظم، رحمان ملک و دیگر کااظہار افسوس
اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی+این این آئی) جمعیت علمائے اسلام کے اورکزئی ایجنسی سے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ منیر خان اورکزئی ایک ہفتہ قبل کرونا وائرس سے صحت یاب ہوئے تھے۔ منیر خان کی نماز جنازہ آج سہ پہر 3 بجے ان کے آبائی گاؤں مندوری لوئر کرم میں ادا کی جائیگی۔ وہ جے یو آئی ف کی ٹکٹ پر این اے 45 سے منتخب ہوئے تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ‘وزیراعظم عمران خان‘ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری،چیئرمین سینٹ‘ قومی اسمبلی کی سپیکر و ڈپٹی سپیکر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جمہوریت، پارلیمان، سیاسی و سماجی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین سینیٹر رحمان ملک نے جے یو آئی کے رہنما رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ میں حاجی منیر خان اورکزئی کے وفات پر بہت رنجیدہ ہوں اور اسے اپنا ذاتی نقصان سمجھتاہوں۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی ، قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر و ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ منیر خان اورکزئی کی وفات کا سن کر دلی دکھ ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ منیر خان اورکزئی عوام دوست‘ سنجیدہ اور قابل پارلیمنٹرین تھے۔ ان جیسے قابل شخص کی وفات ملک و قوم کا نقصان ہے۔ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ پسماندگان کو صبر جمیل دے۔ آمین