• news

ہوٹل میں اسمبلی اجلاس پر تنقید کرنیوالوں کو منہ کی کھانا پڑے گی: پرویز الٰہی

لاہور(خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اسمبلی اجلاس ہوٹل میں کروانے پر تنقید کرنیوالوں کو منہ کی کھانا پڑے گی، جب انتہائی کم ہوٹل اخراجات کی تفصیل سامنے آئیگی تو تنقید کرنیوالے منہ چھپاتے پھریں گے۔ ہم نے اجلاس منعقد کروانے کیلئے تین مختلف جگہوں کے ریٹس لئے تھے، سب سے کم ریٹ والی جگہ کا انتخاب کیا گیا ہے، ایوان اقبال میں اے سی اور ناکافی سہولیات کی وجہ سے اجلاس منعقد کرنا ممکن نہیں تھا، پھر ہم نے کم اخراجات والے فلیٹیز ہوٹل کا انتخاب کیا اس کی بھی کئی وجوہات ہیں۔ ایک تو یہ اسمبلی بلڈنگ کے بالکل قریب ہے، پارکنگ کیلئے اسمبلی کا میدان استعمال ہو گا۔ اسمبلی کے آفس قریب ہونے سے بہت سہولت رہے گی۔ چوہدری پرویز الٰہی نے صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ اور سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کے ہمراہ 5 جون کو ہونیوالے اسمبلی اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے فلیٹیز ہوٹل کا دورہ کیا اور احکامات جاری کیے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اخراجات کے حوالے سے جھوٹی باتیں کرنیوالوں کی ایک ہی سکیم ہے کہ وہ اسمبلیوں کو تالے لگا دیں اس سے کوئی خرچہ نہیں ہوگا۔ پرویزالٰہی نے اسمبلی ہال ڈکلیئر کیے جانیوالے دونوں ہالز کا دورہ کیا اور ایس او پیز کے تحت ارکان اسمبلی کیلئے لگائی گئی سیٹوں، ساؤنڈ سسٹم، پریس گیلری، ارکان کیلئے لابی اور میٹنگ روم کا بھی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کہا عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ اگر 2002ء سے 2007ء تک جب چودھری پرویزالٰہی وزیراعلیٰ پنجاب تھے انہوں نے اسمبلی کی نئی بلڈنگ کی بنیاد رکھی تھی۔ نئی آنیوالی حکومت نے 10 سال تک بلڈنگ کو مکمل نہیں ہونے دیا اگر اسمبلی بلڈنگ بروقت مکمل ہو چکی ہوتی تو آج ہم اجلاس کیلئے جگہ نہ ڈھونڈتے پھر رہے ہوتے۔ ادھر چوہدری پرویز الٰہی نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آڈر جاری کر دیئے۔ سپیکر نے پروڈکشن آڈر 5 جون سے شروع ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے جاری کئے۔ پروڈکشن آڈر جاری ہونے کے بعد اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف 5 جون سے شروع ہونے والے پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شریک ہو سکیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن