شاہ محمود کا کینیڈین وزیر سے رابطہ: کرونا صورتحال‘ قرضوں میں نرمی پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ویڈیو لنک سے کینیڈین وزیر برائے بین الاقوامی ترقی کرینہ گولڈ سے رابطہ کیا۔ دوطرفہ تعلقات‘ کرونا اور معاشی صورتحال پر بات چیت کی۔ وزیر خارجہ نے قرضوں میں نرمی سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر بات کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کینیڈا جی 7 اور جی 20 فورمز کا اہم اور فعال رکن ہے۔ امید ہے کینیڈا ہماری تجویز کو آگے بڑھانے میں مدد کرے گا۔ کرینہ گولڈ نے کہا کہ ہم مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کرونا اور پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔شاہ محمود سے ڈچ ہم منصب سٹیف بلاک سے گفتگو میں نیدر لینڈ میں کرونا سے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ سٹیف نے جلد دورہ پاکستان کا عندیہ بھی دیا۔