• news

بھارت آگ سے نہ کھیلے ، ہم تیار ، بھرپور جواب دینگے:ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ خطے میں تمام دیرینہ معاملات کا تعلق بھارت کے ساتھ ہے۔ بھارت وہاں بھی مداخلت کر رہا ہے جہاں اس کی سرحدیں نہیں ملتیں۔ بھارت پر ناکامی کا حل ہمارے خلاف مہم جوئی میں ڈھونڈتا ہے۔ بھارت کیلئے جواب ہے کہ ہم تیار ہیں‘ بھر پور طاقت سے جواب دیں گے۔ فوجی مہم جوئی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ بھارت نے پچھلے سال دیکھ لیا تھا۔ آگ سے نہ کھیلے ہم جواب دینے کو تیار ہیں۔ بھارت کی ملٹری قیادت پر پاکستان پر لانچ پیڈ کا الزام لگاتی ہے۔ یو این مبصر گروپ کو مکمل آزادی ہے۔ پاکستان سائیڈ پر جہاں چاہیں آجا سکتے ہیں۔ پاکستان نیکسی قسم کی رسائی سے انکار نہیں کیا۔ عالمی میڈیا کو کئی بار ان علاقوںمیں لے کر بھی جا چکے ہیں۔ بھارت میں کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے‘ معیشت کو دھچکے لگ رہے ہیں۔ بھارت بھی یو این مبصر گروپ‘ عالمی میڈیا کو رسائی دے تو چیزیں بہت کلیئر ہو جائیں۔ بھارتی الزامات کے شواہد کا آج کل ہونا مسئلہ ہی نہیں۔ بھارت سمجھ لے کہ کسی بھی فوجی مہم کے سنگین نتائج ہوں گے۔ بھارتی فوج مہم جوئی کے نتائج ناقابل کنٹرول ہوں گے۔ بھارت کی سکیورٹی فورسز نے تو 7سالہ بچے کو بھی معاف نہیں کیا۔ بھارت کے کواڈکاٹیرز نے کئی بار خلاف ورزیاں کیں جنہیں مار گرایا گیا۔ ایل او سی پر کچھ عرصے سے صورتحال بہت تشویشناک ہے۔ بھارت کو کئی محاذون پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کی فوج بہت بہتر طریقے سے جواب دے رہی ہے۔ بھارت کا سب سے بڑا ڈرامہ پلوامہ ٹو تھا۔ دن کی روشنی میں گاڑی کو سیاہ کیا گیا تاکہ شواہد نہ مل سکیں۔ بھارت اس ساری کارروائی کے ذریعے سٹیج سجا رہا ہے۔ انڈیا نیپال سرحد پر نقشوں میں بھی بھارت کو بڑی شرمندگی ہوئی ہے۔ بھارت میں اسلامو فوبیا کی اٹھنے والی لہر کو پوری دنیا نے محسوس کیا ہے۔عسکری ترجمان نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی شدید پامالی کی جارہی ہے، وہ چاہتا ہے ان تمام چیزوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کی طرف لائن آف کنٹرول پر ایڈونچرازم کیا جائے۔ علاوہ ازیں بھارت میں اسلامو فوبیا کی اٹھنے والی لہر کو پوری دنیا نے محسوس کیا ہے، اس ساری صورتحال پر نظر ہٹانے کے لیے ایل او سی پر کوئی کارروائی کرنا چاہتا ہے جس کے لیے وہ سٹیج بنا رہا ہے۔دراندازی کی بات بھارت کی فوجی پیشہ وارانہ صلاحیت پر بھی سوالیہ نشان اٹھاتی ہے۔ پوری کوشش ہوتی ہے جوابی کارروائی میں ایل او سی کے پار شہری آبادی کو نقصان نہ پہنچے۔ مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیری بھارتی جارحیت کا نشانہ بن رہے ہیں۔ بھارتی فوج احتجاج دبانے کیلئے کشمیری نوجوانوں کو شہید کر کے میت بھی حوالے نہیں کر رہی۔ بھارت نے پاکستان پر عجیب و غریب الزامات کی بوچھاڑ کی۔ پلوامہ سے چند دن پہلے وزیراعظم کا بیان آیا تھا کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے۔ وزیراعظم کا بیان آنے کے بعد بھارت جو پلان بنا رہا تھا‘ گاڑی کو دھماکہ کر کے تباہ کر دیا۔ اب بھارت کہہ رہا ہے مزید ایسی تین گاڑیاں موجود ہیں۔ آنے والے چند ماہ میں پاکستان پر جارحیت کرنے کیلئے سٹیج بنایا جارہا ہے۔ بھارت کو چین کے ساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول معاملے میں سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ راج ناتھ نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر سوال کی اہمیت کو کم ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ بھارت نے الزام لگایا کہ پاکسان نے کرونا سے متاثرہ دہشتگرد ایل او سی کے پار بھیجے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن