• news

ن لیگ قیادت کو بچانا چاہتی ہے‘ دنیا کشمیری بچوں پر مظالم کا نوٹس لے: شبلی فراز

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ادارے ایک دن میں تباہ تو ہوسکتے ہیں مگر بن نہیں سکتے۔ ہم پاکستان سٹیل ملز کی عظمتِ رفتہ بحال کریں گے۔ ملک معاشی شٹ ڈائون کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہماری کوشش ہے کہ کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے معیشت زیادہ متاثر نہ ہو، کرونا وائرس سے دنیا میں کہیں کم اور کہیں زیادہ نقصان ہوا، ملک سے کرپشن کا صفایا چاہتے ہیں، مسلم لیگ ن اپنی قیادت کو بچانا چاہتی ہے، دنیا کشمیری بچوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، لوگوں نے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، مہذب معاشرے میں دوسروں کی جانوں کو خطرہ میں نہیں ڈالا جا سکتا ، انہوں نے کہا کہ مہلک وباء سے نمٹنے کے لئے حکومت نے موئثر اقدامات کیے۔ کھانے پینے کی اشیاء موجود ہیں، ملک میں وائرس سے شرح اموات تین فیصد سے زیادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں زیادہ ہلاکتیں ہوئیں جہاں لوگ علاج معالجہ اور کوئی سہولت نہ ملنے پر سڑکو ں پر اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں جبکہ امریکہ جیسے ترقی یافتہ ملک جس کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں پھر بھی دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں وہاں ہوئیں۔ ایک سوال پر شبلی فراز نے کہا کہ ہم ایسا ماحول چاہتے ہیں جہاں میرٹ پر کام ہو، حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت ہوتی تو ملک کی قسمت بدل دیتے۔ اپوزیشن قومی اسمبلی اور سینٹ کے سیشن ہائی جیک کرنا اور اپنے کرپٹ رہنمائوں کا دفاع چاہتی ہے، اپوزیشن چاہتی ہے کہ ان کے لیڈر بچ جائیں، خواتین کی بہبود اور دیگر ایشوز کے حل کے لئے اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن