• news

کرونا: مزید 84 اموات، درجنوں دکانیں، بازار سیل، متعدد گرفتار، جرمانے، لاہور بغیر ماسک ڈرائیونگ پر جرمانہ، پارک کھل گئے

اسلام آباد، لاہور،گوجرانوالہ (کامرس رپورٹر‘ وقائع نگار خصوصی‘ خصوصی نمائندہ‘ نامہ نگاران) پاکستان میں کرونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 87ہزار 744 تک پہنچ گئی، ایک دن میں 84 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 1813ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 688 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 31 ہزار 104، سندھ میں 32 ہزار 910، خیبر پختونخوا میں 11 ہزار 373، بلوچستان میں 5 ہزار 224، گلگت بلتستان میں 824، اسلام آباد میں 3 ہزار 544 جبکہ آزاد کشمیر میں 285 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 6 لاکھ 15 ہزار 511 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 ہزار 167 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 30 ہزار892 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کرونا سے ایک دن میں 82 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 770 ہوگئی۔ سندھ میں 555، پنجاب میں 607، خیبر پختونخوا میں 500، گلگت بلتستان میں 12، بلوچستان میں51 اور اسلام آباد میں 38 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے عوام کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر حکومت پنجاب کے ایکشن سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کرونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت بڑے شہروں کے بڑے بازار آج سے بند کرائے جا رہے ہیں۔ راولپنڈی میں دکانیں سیل کرنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر اور کینٹ میں یہ ٹیمیں پونے7 بجے آپریشن کے لئے نکلیں گی، شام 7 بجے کے بعد کھولی گئی دکانیں اور مارکیٹیں سیل کردی جائیں گی۔ دوسری جانب تاجروں نے مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا ہے، تاجر رہنما نعیم میر نے کہا کہ ملک بھر میں مارکیٹیں اور بازار بند کرنے کا فیصلہ عقل، دلیل اور منطق کے برعکس ہوگا، مالی طور پر کمزور ریاست، تاجروں کی کفالت کرنے کی طاقت نہیں رکھتی، آج مارکیٹں بند ہونگیں تو کیا کل ٹرانسپورٹ اور پھر سارا ملک بند کر دیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے این سی او سی میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا غیر ذمہ داری موت کا سبب بن رہی ہے۔ ایس او پیز پر عمل درآمد سے ہی کرونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ پنجاب کی بڑی مارکیٹیں این سی او سی کے فیصلوں کے تناظر میں بند کی جائیں گی، انڈسٹریل ایریاز، مارکیٹس اور ٹرانسپورٹ کو پابند بنایا جائے گا، خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ ادھر چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت کیمپ آفس میں ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کی روک تھام سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے انتظامیہ اور پولیس کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا اب معافی کا وقت ختم ہوگیا، سب افسران فیلڈ میں نکلیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے حکم دیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی مرتکب دکانوں اور بازاروں کو فوری بند کر دیا جائے، ماسک کی پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے انتظامی اور پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ دوسری جانب شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ایس او پی ایز پر عملدرآمد نہ کرنے پر پورے ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں آج بند کر دی جائیں گی، پنجاب اور کے پی کے میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ہم سب کو ہر صورت ایس او پی ایز پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں شام سات بجے کے بعد کاروبار بند کر دیئے جائیں گے۔ دکاندار اور گاہکوں کے لیے ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ھے کہ بازاروں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ میں خود انتظامیہ کے ساتھ مارکیٹیوں کے اچانک دورے کروں گا۔ اگر کسی دکان پر ایس اوپیز کی خلاف ورزی پائی گئی توصرف دکان نہیں، پوری مارکیٹ سیل کردی جائے گی۔ مارکیٹوں کے اوقات کار کی بھی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ جو مارکیٹیں شام سات بجے بند ھوتی ھیں وہ سات بجے ہی بند ہونگی۔ کسی کو شٹر گرا کر کاروبار کی اجازت نہیں ھوگی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ان خیالات کا اظہار آج ٹائون ہال میں تاجر تنظیموں سے ملاقات اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آج صوبہ بھر کی تاجر تنظیموں سے ایس اوپیز پر عملدرآمد کے حوالے بات ہوئی ہے اور تاجروں نے ایس اوپیز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کرونا وبا خطرناک صورتحال اختیار کر گئی ہے۔ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ مارکیٹوں کے داخلی راستوں پر چیکنگ کی جائے، ماسک کے بغیر کسی کو داخل نہ ہونے دیا جائے۔ بچوں اور بزرگوں کو بھی مارکیٹوں میں نہ آنے دیا جائے۔ اگر کوئی گاہک ماسک کے بغیر آتا ھے تو دکاندار اسے ماسک فراہم کرے، تاجر مارکیٹوں اور دکانوں کے سامنے سے تجاوزات فوری طور پر ختم کر دیں، ورنہ انتظامیہ سخت کارروائی پر مجبور ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ کر فیو یا مکمل لاک ڈاؤن کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، تاہم اگر ایس اوپیز پر عملدرآمد کے حوالے سے کوتاہی برتی گئی تو مکمل لاک ڈاؤن کی طرف بھی جاسکتے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو ٹیسٹ نتائج سے قبل ہی گھر جانے کی اجازت کی وفاقی پالیسی کو خطرہ قرار دے دیا۔ گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے نئی پالیسی کا اعلان کیا تھا جس کے تحت بیرون ملک سے آنے والوں کے کرونا ٹیسٹ لیکر نتائج کا انتظار کئے بغیر انہیں فوری گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ وفاقی حکومت کے اس فیصلے پر محکمہ صحت سندھ نے اعتراض کیا ہے اور محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا ٹیسٹ کے نتائج سے پہلے مسافر کو گھر جانے دینا خطرناک ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب سے کراچی آنے والی فلائٹ کے 249 مسافروں میں سے 123 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت بیرون ملک آنے والے مسافروں کو بنا ٹیسٹ کے داخلہ کی اجازت دے رہی تھی سندھ حکومت نے مسافروں کے ٹیسٹ کئے ہیں اور اب ان مسافروں کو آئسولیٹ کیا جائیگا۔ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے دارالحکومت گلت میں جمعہ کے روز صبح چھ بجے سے لیکر دوپہر دو بجے تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔ اسی طرح اتوار کے روز بھی مکمل لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ ہفتے کے باقی دنوں میں کاروبار کیلئے نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ پر تاحکم ثانی پابندی برقرار رہے گی۔ انٹرا سٹی ٹرانسپورٹرز کے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے تمام منتخب نمائندوں سے اپیل ہے کہ اپنے علاقوں میں ایس او پی پر عمل کروائیں اویس شاہ کا کہنا ہے کہ جہاں ٹرانسپورٹرز ایس او پی پر عمل نہیں کر رہے ان کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ خدار ایس او پی پر عمل کریں ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ ضلع ننکانہ صاحب میں 180 افراد کو کرونا وائرس سے متاثر ہوئے چار زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مجموعی طور پر 55 مریضوں صحت یاب ہو گئے۔ گوجرانوالہ میں ڈویژن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے متاثر 3افراد جابحق جبکہ مجموعی طور پر 78افراد میں کرونا کی تشخیص گوجرانوالہ میں 56گجرات 17حافظ آباد 1منڈی بہاوالدین 2ناروال 1اور سیالکوٹ میں 1فرد میں کرونا کی تشخیص، گوجرانوالہ ریجن میں 24 گھنٹوں کے دوران کروناوائرس کے شکار78نئے مریض سامنے آگئے ہیں۔
لاہور/ اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ وقائع نگار+ خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کرونا سے بچاؤ کیلئے بنائی گئی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ حکومت پاکستان کے جاری کردہ اعلامیئے کے مطابق ایس او پیز پر عملدرآمد کرکے ہی کرونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ انڈسٹریل ایریاز‘ مارکیٹس اور ٹرانسپورٹ کو ایس او پیز پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائیگا۔ حکومت پاکستان کے مطابق ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے تمام صوبوں سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو ایس او پیز پر عملد درآمد کو یقینی بنائیں گی۔ وفاقی حکومت کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ وفاقی دارالحکومت میں کرونا کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ایس او پیز کی خلاف ورزی بھارہ کہو اور نیو آبپارہ مارکیٹ کو مکمل طور پر سیل کرتے ہوئے شہر بھر میں 83 دکانیں سیل کی گئی ہیں۔ 22 انڈسٹریل یونٹس سیل کی گئی ہیں جبکہ 110 افراد اور 42 گاڑیوں کو جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ پی ایچ اے نے لاہور شہر کے پارکس آج سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔ ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان سیال کے مطابق ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے پارکس کھولے جائیں گے۔ پارکس صبح 6 سے رات 9 بجے تک عوام کیلئے کھلے رہیں گے۔ پارکس میں آنے والے شہریوں کیلئے ماسک‘ گلوز کا استعمال لازمی ہوگا ورنہ پارکس میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان نے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے جھولوں اور کھیلنے کے مقامات کو فی الحال بند رکھا جائے گا جبکہ پارکوں میں آنے والے شہری سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی صحت ضمامن ہوں گے۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کی ہدایت پر لاہور پولیس کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروائے گی، شہری ہوجائیں تیار، بغیر ماسک ڈرائیونگ پر چالان ٹکٹ جاری ہونگے، سید حماد عابد کا کہنا تھا کہ دوران ڈرائیونگ موٹرسائیکل، گاڑی پر ماسک نہ پہننے والوں کو چالان ٹکٹ جاری ہونگے، کارروائی کیلئے سی ٹی او لاہور اور ڈی سی لاہور نے 8 مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دیں۔کورونا ایس او پیز کے خلاف ورزی پر اسٹنٹ کمشنر ذیشان رانجھا اور یس ایچ او ٹاون شپ ابرار شاہ کا مدینہ مارکیٹ کا دورہ، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مدینہ مارکیٹ کی 27 دکانوں کو بند کروا دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ(ر)سہیل ا شرف اور سی پی او گوہر مشتاق بھٹہ کی ہدایت کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)علی اکبر بھنڈراور ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر فہد کا انفورسمنٹ ٹیموں اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے پر سیٹلائیٹ ٹان مارکیٹ،کلاتھ مارکیٹ،صرافہ بازار، سبزی منڈی، مچھلی بازار، ریل بازار، دال بازار سمیت دیگر بازار بھی بند کروا دیئے اسسٹنٹ کمشنرز کی کاروائیاں جاری ہیں،اسسٹنٹ کمشنر کامونکی شاہد عباس جوتہ نے بھی کامونکی کے بازاروں کا دورہ کیا اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے مارکیٹوں کو بند کروا دیااسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں حیدر خان نے بھی نوشہرہ ورکاں کے مرکزی بازارکا دورہ کیا اور عملدرآمد نہ ہونے پر مارکیٹوں کو بند کروا دیا،تحصیل وزیرآباد میں بھی ٹائیگر فورس کے رضا کار بھی کورونا سے بچا کے حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دینے میدان میں اتر آئے۔ کامونکے میں اسسٹنٹ کمشنر کا شہر بھر کے تمام بینکوں مین بازار دیگر ملحقہ بازاروں کا دورہ حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والی دکانیں سیل اور متعدد دکانداروں کو جرمانے ‘ مجموعی طور پر ہزاروں روپے پر جرمانہ بھی عائد کئے۔ پنڈی بھٹیاںکرونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ ان ایکشنایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر مارکیٹیں اور بازار بند کروا دیئے گئیعوام کی لاپرواہی اور کوتاہیوں کی وجہ سے کورونا وائرس میں اضافہ ہو رہاہے،انتظامیہایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے شہریوں اور دوکانداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائی گی، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی دوکانیں اور مارکیٹیں بند رہینگی، دوکانداروں کی جانب سے سماجی فاصلہ کے اصول کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہیکورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا،عوام حفاظتی اقدامات پر عمل کرتے ہوئے بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں،نوشہرہ ورکاں اسسٹنٹ کمشنر حیدر خان کا پولیس فورس اور میونسپل کمیٹی کے عملہ کے ہمراہ مارکیٹس کا دورہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر میڈیکل سٹور سمیت شہر بھر کی تمام دوکانیں بند کروا دی۔ حافظ آباد میں شہریوں اور دوکانداروں کی جانب سے لاک ڈائون اور کورونا وائرس سے بچائو کے حوالہ سے حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے تمام مارکیٹیں،بازار اور کاروباری مراکز بند کروا دیئے۔حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ ،پولیس اور پاک فوج کے افسران نے فلیگ مارچ بھی کیا۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی حافظ آباد سٹی سمیت پنڈی بھٹیاں‘ جلالپور بھٹیاں‘ سکھیکی اور دیگر علاقوں میں بھی مارکیٹیں بند کروا دی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے اسسٹنٹ کمشنر نعمان علی شاہ کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ اور رنگ روڈ پر مختلف بازاروں اور میگا مالز سمیت دیگر دکانوں کا معائنہ کیا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سینکڑوں شہریوں دکانداروں کو جرمانہ کر دیا کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 385 افراد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔
نیویارک، لندن، میڈرڈ، میونخ، روم، انقرہ (صباح نیوز) دنیا میں کرونا کیسز کی تعداد 65 لاکھ19 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ 3 لاکھ 87 ہزار957افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ 31لاکھ سے زائد افراد وائرس کو شکست دے کر صحتیاب ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 715 اموات ہوئیں اور ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 9 ہزار سے بڑھ گئی۔ امریکہ میں 19 لاکھ 17ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ برازیل امریکہ کے بعد 5لاکھ سے زائد کورونا کیسز والا دوسرا ملک بن گیا اور کیسز کی تعداد 5 لاکھ 84ہزار تک پہنچ گئی جبکہ32ہزار 5سو سے زائد مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔ روس میں 4لاکھ 32ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 5ہزار سے زائد اموات واقع ہوچکی ہیں۔ برطانیہ میں2 لاکھ 79ہزار سے زائد کرونا وائرس کے مریض ہیں اور 39ہزار 7سو سے زائد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اٹلی میں کرونا وبا سے مزید 71افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 33ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 2 لاکھ 33ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ فرانس میں کرونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 29ہزار سے بڑھ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 51ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ جرمنی میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8ہزار 6سو سے تجاوز کرگئی جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 84ہزارسے تجاوز کرگئی۔ ترکی میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 4ہزار چھ سو سے زائد جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 66ہزار422 ہوگئی۔ دنیا بھر میں 31لاکھ سے زائد افراد وائرس کو شکست دے کر صحتیاب ہو گئے۔ بھارتی سیکرٹری دفاع اجے کمار کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں جس کے بعد ڈیفنس اسٹیبلشمنٹ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جبکہ بھارت کے وباء سے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثرہ یورپی ممالک اٹلی، برطانیہ اور سپین کو جلد ہی پیچھے چھوڑ جانے کا امکان ہے۔ البتہ بھارت میں ہلاک ہونے والوں کی اصل تعداد پر سوالات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔ وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں کووڈ انیس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اس وقت چھ ہزار 88 ہے۔دریں اثنا بھارت میں پچھلے 24 گھنٹے میں کرونا کے نو ہزار 304 نئے کیسز سامنے آئے جو ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز کا نیا ریکارڈ ہے۔

کراچی (قمر خان)پاکستان میں کرونا کے وبا کے 100 دن پورے ہوگئے ،ملک میں پہلا کرونا کیس 26 فروری کو کراچی میں رپورٹ ہوا اورکرونا کا پہلا مریض بھی کراچی میں ہی صحتیاب ہوا جبکہ کرونا کا پہلا مریض بھی کراچی میں صحتیاب ہوا۔ پاکستان میں 100 دنوں کے دوران کرونا سے 85ہزار 264 افراد کومتاثر ہوئے ہیں اس مدت کے دوران کرونا نے ایک ہزار 770 افراد کی جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ ملک میں 26 فروری سے ابتک 30 ہزار128 افراد کرونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ملک بھر میں 100دونوں کے دوران 6 لاکھ 15 ہزار 511 افراد کے ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔فروری کے اخری چار دنوں میں 4 افراد کرونا سے متاثر ہوئے تھے ،مارچ میں کرونا سے 2ہزار 35 افراد متاثر اور 26 اموات ہوئیں جبکہ اپریل میں کرونا سے 14 ہزار 778 افراد متاثر اور359 افراد موت کے منہ میں چلے گئے،اس طرح مئی میں ریکارڈ 52 ہزار 679 افراد کرونا سے متاثر اور ایک ہزار 98 افراد فوت ہوچکے جبکہ جون کے چار دنوں کے دوران 15 ہزار 767 افراد کرونا سے متاثر اور 287 افراد فوت ہوچکے ہیں۔سندھ میں سو دن کے دوران 32ہزار910 افراد۔کے پی میں 11373 افراد متاثر ہوچکے۔26 فروری سے اب تک پنجاب میں 31ہزار104 افراد۔بلوچستان میں 5 ہزار 224 افراد کرونا کے شکار ہوچکے ہیں ،۔گلگت میں اب تک 824 افراد۔ازاد جموں کشمیر میں 285 افراد متاثرہوچکے ہیں ،پاکستان میں کرونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کا تناسب 35.33 ہیں۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1667 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ 20 مزید مریض وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ یہ بات وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کے روز وزیراعلی ہاس سے جاری ایک پریس بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ 8390 ٹیسٹ کئے گئے جن کے نتیجے میں 1667 نئے کیس سامنے آئے جوکہ کئے گئے ٹیسٹوں کا مجموعی 20 فیصد ہے۔ جہاں تک اب تک کئے گئے ٹیسٹوں کی تعداد ہے تو وہ 208843 تک پہنچ گئی جس سے 33536 کیسز ظاہر ہوئے جو کل ٹیسٹوں کا 16.1 فیصد بنتا ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 20 مزید مریضوں کی اموات کے بعد مجموعی تعداد 575 تک بڑھ گئی ہے جو کل مریضوں کا1.7 فیصد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 366 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ان میں سے 66 کو وینٹیلیٹر لگایا گیا ہے۔ مراد علی شاہ کے مطابق اس وقت 16179 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 14910 گھر وں میں ، 99 قرنطینہ مراکز میں اور 1170 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی صحتیابی کی شرح 50.1 فیصد ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے 764 مریض گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہوکراپنی معمول کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ اب تک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 16782 ہوگئی ہے۔ مراد علی شاہ نے ضلع سطح پر کیسز سے متعلق بتایا کہ 1667 کیسز میں سے کراچی میں 1311 نئے کیسز ظاہر ہوئے ہیں ان میں سے ضلع شرقی 312 ، ضلع کورنگی 271 ، ضلع جنوبی 257 ، ضلع غربی 241 ، ضلع وسطی 143 اور ضلع ملیر 87 شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں 42 ، گھوٹکی 38 ، کشمور 32 ، خیرپور 25 ، سکھر 24 ، لاڑکانہ 22 ، شہید بینظیر آباد 21 ، دادو اور سجاول 11-11، شکارپور 10 ، بدین 8، جامشورو 7، سانگھڑ 5، جیکب آباد ، قمبر ، عمرکوٹ میں اور ٹنڈو محمد خان میں 3-3اور ٹھٹھہ ، میرپورخاص اور مٹیاری میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزیراعلی نے سندھ کے عوام پر زور دیا کہ وہ اس وبائی مرض کو شکست دینے کیلئے محتاط رہیں اور احتیاطی تدابیر کو ضروری اختیار کریں۔

ای پیپر-دی نیشن