اسلام آباد ہائی کورٹ کامیئر کی توہین عدالت درخواست پر وفاق کو نوٹس
اسلام آباد(صباح نیوز)میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی توہین عدالت کی درخواست پر وفاق کو آج جمعہ کیلئے نوٹس جاری کردیا گیا، وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان، سیکرٹری داخلہ اعظم سلیمان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کمیشن اصغر علی سے(آج) جمعہ تک جواب طلب کرلیا گیا ۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔جسٹس محسن اختر کیانی نے وفاق کو کل کیلئے نوٹس جاری کرنے کے احکامات جاری کے علاوہ لوکل گورنمنٹ کمیشن کے 3جون کے اجلاس کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔ایڈووکیٹ کاشف علی ملک نے بتایا کہ 21 مئی کو عدالت نے میئراسلام آباد کی معطلی کا نوٹی فکیشن معطل کیا ہے ، اس کے باوجود لوکل گورنمنٹ کمیشن عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔کاشف علی ملک ایڈووکیٹ نے عدالت میں بتایا کہ وزیراعظم آفس میں اجلاس ہوا میئراسلام آباد کو نہیں بلایا گیا۔