• news

کرونا سے ہونے والا جانی نقصان کم کرنے کیلئے کوئی دوا موجود نہیں: عالمی ادارہ صحت

نیویارک(این این آئی )عالمی ادارہ صحت نے کہاہے کہ ابھی تک ایسی کوئی دوا سامنے نہیں آئی جس کی مدد سے کرونا کی وبا کا شکار ہونے والے افراد کی جانیں بچائی جا سکیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف کرونا جیسی پراسرار اور جان لیوا بیماری سے لاکھوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس بیماری کی روک تھام کے لیے پوری دنیا کی حکومتیں اور دوا ساز کمپنیاں دوا کی تیاری کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ ابھی تک کسی دوائی کو کرونا کے علاج کے لیے مفید نہیں قرار دیا جاسکا ہے۔ ہائیڈروکسی کلورکین کو کرونا کے بیماروں کے علاج کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا مگر پچیس مئی کے بعد اس دوائی کا استعمال بھی معطل کردیا گیا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اڈھانوم گبیریوس نے ایک بیان میں کہا کہ کلوروکین یا اس سے ملتے جلتے فارمولے سے تیار کردہ ادوایات سے کرونا کے علاج میں کسی قسم کی مدد نہیں مل سکتی بلکہ اس نوعیت کی ادویات مزید نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق پوری دنیا میں کرونا کی وبا کی وجہ سے لاک ڈائون میں نرمی کی کوششیں جاری ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن