• news

سابق حکمرانوں نے صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلایا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں ارکان پنجاب اسمبلی اور تحریک انصاف کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ کرونا وباء اور ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے کیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی۔ جبکہ جنوبی پنجاب میں فلاح عامہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے علیٰحدہ سیکرٹریٹ کے قیام کا وعدہ پورا کردیا ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کی تقرری کی منظوری دے دی ہے اوراس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی بہاولپور اور ملتان میں تعینات ہوںگے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلد فنکشنل ہوجائے گا-جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کیلئے ہماری حکومت نے مثالی اقدام کئے ہیں- ہماری حکومت کے اقدامات سے جنوبی پنجاب کے عوام کا احساس محرومی ختم ہورہا ہے ۔جنوبی پنجاب کے عوام کو ماضی میں دلفریب نعروں سے بہلایا گیا۔انہوںنے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کیلئے صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلایا۔سابق ادوارمیںپسماندہ علاقوں کے عوام کو نظر انداز کیا گیا۔ عثمان بزدارنے رحیم یارخا ن،روجھان، بونگ، صادق آباد، کوٹ سبزل سمیت مختلف علاقوں کا فضائی دورہ کیا ۔رحیم یار خان او رراجن پور کے علاقوں میں ٹڈی دل کی صورتحال کاجائزہ لیااورفصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی فضائی معائنہ کیا ۔ عثمان بزدار نے بازاروں میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیااورایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ایس اوپیز شہریوں کے تحفظ کے لیے ہیںاورعملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ عثمان بزدارنے روجھان مزاری میری بنگلہ کا دورہ کیا۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدارکا خیر مقدم کیا۔ دوست محمد مزاری نے وزیراعلیٰ کو تاریخی اور نایاب تصاویر کے بارے میں آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن