بھارت میں مسلمان مخالف شہریت قانون کیخلاف احتجاج دوبارہ شروع
نئی دہلی(کے پی آئی) بھارت میں مسلمان مخالف شہریت قانون سی اے اے کے خلاف پھر سے احتجاج شروع ہو رہا ہے ۔ کرونا لاک ڈاون سے قبل نئی دہلی کے شاہین باغ میں خواتین کا مسلسل احتجاجی دھرنا کئی ماہ تک جاری رہا۔شہریت ترمیمی ایکٹ(سی اے اے)کے خلاف شاہین باغ میں خواتین کے دوبارہ دھرنے پر بیٹھنے کے امکان کے پیش نظر علاقے میں کثیر تعداد میں پولس فورس تعینات کردی گئی ہے۔ لاک ڈان کھلنے کے پہلے مرحلے میں ہی شاہین باغ میں بدھ کے روز سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاج دوبارہ شروع ہونے کی اطلاع ملنے پر دہلی پولس کو الرٹ کردیا گیا ہے۔شاہین باغ میں جس سڑک پر لاک ڈان سے پہلے 100 دنوں تک خواتین کا دھرنا چلا تھا، وہاں پولس کی ایک بڑی تعداد کو تعینات کیا گیا ہے اور علاقے میں ہرطرح کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ شاہین باغ کے ساتھ ہی جامعہ ملیہ اسلامیہ اور سکھ دیووہار میٹرو اسٹیشن کے آس پاس بھی پولس دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر آف پولس کو الرٹ کردیا گیا ہے اور انہیں کسی بھی علاقے میں احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دینے کو کہا گیاہے۔