امریکی صحافی سنھتیا رچی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست‘ جسٹس آف پیس میں پرسوں طلبی
اسلام آباد (آن لائن) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہانگیرخان کی عدالت نے امریکی صحافی سنھتیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ گذشتہ روز پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران موقف اختیارکیا گیا کہ امریکی صحافی سنتھیا ڈی رچی نے بے نظیر بھٹو کے خلاف سوشل میڈیا پر کمپین چلائی، ایف آئی اے کو امریکی صحافی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی جس پر کارروائی نہیں کی گئی، عدالت ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو امریکی صحافی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے، جس پر عدالت نے ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 9جون تک کیلئے ملتوی کر دی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی نے امریکی خاتون سنتھیارچی کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے سنتھیارچی کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر سیشن کورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی۔ عدالت نے درخواست پر سنتھیارچی کو 9 جون کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کر دیا۔ ادھر امریکی سفارتخانے نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کے معاملے پر ردعمل میں کہا ہے کہ امریکی سفارتخانہ پاکستان میں تمام امریکیوں کو مناسب خدمات اور سپورٹ فراہم کرتا ہے، پاکستان میں ذاتی حیثیت میں مقیم بعض امریکیوں کے معاملات پر تبصرہ نہیں کر سکتے۔