• news

طیارہ حادثہ‘ اہم معلومات مل گئیں‘ ایئر بس، تحقیقات وسیع، لاہور سے بھی شواہد حاصل

لاہور/ کراچی(نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) طیارہ حادثہ تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فلائٹ ڈیٹا اور کاک پٹ وائس ریکارڈر سے اہم معلومات ملی ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والے (پی آئی اے) کے طیارے کی تحقیقات کرنے والے فرانسیسی تفتیش کاروں نے اعلان کیا ہے کہ بدقسمت پرواز کے بلیک باکس کی ڈی کوڈنگ اور ڈاؤن لوڈنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ فرانسیسی بیورو آف انکوائری اینڈ اینالسز فار سول ایوی ایشن سیفٹی نے ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ پی کی-8303 کے بلیک باکس کے 2 اجزا کاکپٹ وائس ریکارڈر (سی وی آر) اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر (ایف ڈی آر) کی ڈی کوڈنگ اور اس کے ڈیٹا کی ڈاؤن لوڈنگ’ ختم ہوگئی ہے، (جس کا) تجزیہ جاری رہے گا۔ بیورو نے کہا کہ پاکستان کا ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ بعد کی تاریخ میں ڈاؤن لوڈ کیے گئے۔ ڈیٹا کی بنیاد پر ایک ابتدائی بیان جاری کرے گا۔ چیف پروڈکٹ سیفٹی آفیسر ائیر بس نے قومی ائیر لائن سمیت ائیربس طیارے استعمال کرنے والوں کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری طرف کراچی میں پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی بورڈ نے لاہور ائر پورٹ سے بھی طیار ے سے متعلق شواہد حاصل کر لئے۔ طیارہ حادثہ سے متعلق حاصل تمام ڈیٹا سیل کر کے تحقیقاتی بورڈ کے حوالے کر دیا گیا۔ کنٹرول ٹاور‘ لاہور اپروچ‘ لاہور ایریا کنٹرول ٹاور سے ریکارڈ حاصل کیا گیا ہے۔ کپتان کی لاہور اور کراچی اے ٹی سی سے گفتگو کا ریکارڈ بھی بورڈ کے حوالے کر دیا گیا۔ ریڈار ویڈیو ریکارڈ تک ایم پی فور کے فارمیٹ میں فراہم کی گئی جو تحقیقات میں معاون ہوگی۔ ائر ٹریفک کنٹرولر کے بیانات لاک بک اور ڈیوٹی روسٹر کی مصدقہ کاپیاں بھی بورڈ کے حوالے کی گئی ہیں۔ اے ٹی سی سے بھی تمام ضروری ریکارڈ حاصل کر لیا گیا۔ کراچی ائر پورٹ سے حاصل سیل شدہ ریکارڈ بھی بورڈ کے حوالے کیا گیا۔ اے اے آئی نے اپنی تحقیقات کا دوسرا مرحلہ ائر ٹریفک کنٹرولر پر مرکوز کیا ہے۔ کراچی لاہور اے ٹی سی سے ریکارڈ کی فراہمی کیلئے سی اے اے نے بھی خط لکھا ہے۔فرانس کے ماہرین نے پی آئی اے طیارہ حادثہ میں بلیک باکس ڈی کوڈ کر لیا جس کا ڈیٹا پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ائرکموڈور عثمان غنی کے حوالے کر دیا گیا۔ ائرکموڈور عثمان غنی اہم شواہد لیکر فرینکفرٹ سے پاکستان پہنچیں گے۔ اے آئی بی کے سربراہ پی آئی اے کی پرواز سے آج اسلام آباد پہنچیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن