جعلی اکائونٹس کیس، نیب نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تحریری سوالنامہ بھجوا دیا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) نیب نے جعلی اکائونٹس کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو تحریری سوالنامہ بھجوا دیا، دوہفتوں میں تحریری جواب طلب کرلیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ نیب راولپنڈی نے جعلی اکائونٹس کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تحریری سوالنامہ بھجوا دیا ہے جس میں پوچھا گیا ہے کہ بطور وزیر خزانہ آپ نے روشن سندھ پروگرام میں سیکرٹری فنانس کی تجاویز کو نظرانداز کیوں کیا؟، روشن سندھ پروگرام فزیبلیٹی کے بغیر شروع کیوں کیاگیا؟۔ چیف سیکرٹری کے پی سی ٹو کے تحت فزیبلٹی کی نشاندہی پر بھی توجہ کیوں نہیں دی گئی ؟، ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سولر لائٹس کو ’’غیرمعیاری ‘‘کہا اسے بھی نظرانداز کیوں کیا گیا؟۔ نیب کی جانب سے سوالنامے میں مزید پوچھا گیا ہے کہ کیا یہ درست ہے سندھ ہائیکورٹ کی قائم کمیٹی کو بھی منصوبے پر مطمئن نہیں کر پائے تھے؟، کیا یہ درست ہے۔ سکینڈل کے ماسٹر مائنڈ شرجیل میمن کی ایما پر آپ نے فنڈز جاری کئے؟، سوالنامے میں کہاگیا ہے کہ شرجیل میمن من پسند کمپنیوں کو ٹھیکہ دے کر کک بیکس وصول کرچکے؟، شرجیل میمن کیساتھ کرپشن میں ملوث ملزم پلی بارگین سے رقم واپس بھی کرچکے کیا کہیں گے؟۔ وزیراعلیٰ سندھ کو دو ہفتے میں تحریری جواب نیب راولپنڈی کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی دوبارہ طلبی کا فیصلہ تحریری جواب کی روشنی میں کیا جائے گا۔